۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
سید حسین مومنی

حوزہ/حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسین مؤمنی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کے مقدس نظام کی بدولت امیر المؤمنین اور امام حسین (ع) کا پرچم ایران کی طرح کہیں بھی بلند نہیں ہے۔ خیانت کرنے اور غداروں کا ساتھ دیتے ہوئے ملک کو داخلی فسادات میں دھکیلنے والے مطمئن رہے کہ شہداء ان کا حساب لیں گے اور وہ دنیا و آخرت میں ذلیل و خوار ہوں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسین مؤمنی نے یومِ شہادتِ امام رضا علیہ السلام کے موقع پر کریمۂ اہل بیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم میں زائرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عبدالعظیم حسنی علیہ السلام کہ جن کی اہل بیت کے ساتھ دوستی کی تصدیق امام ہادی علیہ السلام نے کی، وہ امام رضا علیہ السلام کی بارگاہ میں حاضر ہوئے اور آپ علیہ السلام نے متعدد احادیث میں انہیں اہل بیت سے قربت کے طریقے بتائے۔

انہوں نے کہا کہ آنحضرت علیہ السلام اس روایت کے شروع میں امانت، دیانت اور چند نکات بیان کرتے ہیں اور روایت کے ذیل میں فرماتے ہیں کہ اے عبدالعظیم میرے دوستوں اور چاہنے والوں کو میرا سلام پہنچاؤ اور ان سے کہو کہ شیطان سے اپنے آپ کو بچائے رکھے، کیونکہ ہمارے چاہنے والوں پر شیطان کا کنٹرول، ان کو اہل بیت علیہم السلام سے دور کر دیتا ہے۔

استاد حوزہ علمیہ نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ امام صادق علیہ السلام نے ایک روایت میں فرمایا کہ شیطان نے دنیا میں جال بچھا رکھے ہیں اور اس کا ارادہ ہمارے چاہنے والوں کو ان جال میں پھنسانا ہے، مزید کہا کہ پیغمبرِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میری امت پر ایک وقت آئے گا کہ معاشرے میں ایسی عورتیں ہوں گی جو فتنہ و فساد کا باعث ہوں گی۔ وہ مجھ سے بیزاری کا اظہار کریں گی اور میں ان سے بیزاری کا اظہار کروں گا۔

انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ شیطان کے اثر و رسوخ کے طریقے سورۂ اعراف میں بیان ہوئے ہیں، کہا کہ شیطان انسانوں پر چار مقامات سے حملہ کرتا ہے: سامنے، پیچھے، دائیں اور بائیں سے اور بندوں کو شکر کے راستے سے دور رکھتا ہے، اس آیت کے ذیل میں بعض تفاسیر میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ احادیث میں آیا ہے کہ سامنے سے حملہ یہ ہے کہ شیطان آخرت کو انسان کے لئے معمولی شئ کے طور پر پیش کر دیتا ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین مؤمنی نے مزید کہا کہ پیچھے سے حملہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ مال جمع کرنے اور دوسروں کو مال دینے میں بخل کرتا ہے، دائیں طرف سے حملہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ ان کے دین کو تباہ کر دیتا ہے اور گمراہی کے راستوں کو ان کے لئے ہدایت کے طور پر ظاہر کر دیتا ہے اور بائیں طرف سے حملہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ لذت اور شہوت کو انسانوں کے لئے اچھا بنا کر پیش کرتا ہے۔

انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک مالک ہے اور وہ مالک امام زمان علیہ السلام ہیں، کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا پرچم امام حسین علیہ السلام کا پرچم ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانیوں نے فرمایا ہے کہ ہمارے پاس جو کچھ بھی ہے وہ امام حسین علیہ السلام کی وجہ سے ہے اور جب تک اس ملک میں امام حسین علیہ السلام کا پرچم بلند رہے گا، اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

استاد حوزہ علمیہ نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام کی بدولت امیر المؤمنین اور امام حسین علیہما السلام کا پرچم ایران کی طرح کہیں بھی بلند نہیں ہے، مزید کہا کہ خیانت کرنے اور غداروں کا ساتھ دیتے ہوئے ملک کو داخلی فسادات میں دھکیلنے والے مطمئن رہے کہ شہداء ان کا حساب لیں گے اور وہ دنیا و آخرت میں ذلیل و خوار ہوں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .