حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعے کی شام کچھ صیہونی آباد کاروں نے نابلس (مغربی کنارے کا شمالی علاقہ) کے جنوب میں فلسطینی شہریوں پر پتھروں سے حملہ کیا۔
فلسطین کی سرکاری خبررساں ایجنسی (وفا) کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کی شام صہیونیوں نے ایک فلسطینی شہری کی گاڑی پر بھی پتھراؤ کیا جس سے گاڑی کا شیشہ ٹوٹ گیا، رپورٹ کے مطابق کار کا شیشہ ٹوٹنے کے بعد کار کی پچھلی سیٹ پر بیٹھی ڈیڑھ سالہ بچی زخمی ہوگئی۔
فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ یہ حملہ "اوصرین جنوبا" گاؤں کے قریب ہوا ،اس حملے سے متعدد دیگر کاروں کو بھی نقصان پہنچا۔
فلسطینی ہلال احمر نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ نابلس میں ہونے والی جھڑپوں میں ایک 19 سالہ نوجوان پلاسٹک گولی لگنے سے زخمی ہو گیا اور صہیونی فورسز کی جانب سے آنسو گیس کے استعمال سے 17 دیگر افراد بھی متاثر ہوئے۔