حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران میں صوبہ ہرمزگان میں حوزہ علمیہ خواہران کے مدیر حجۃ الاسلام والمسلمین اسماعیل نیا نے ایام فاطمیہ کی آخری مجلس کو خطاب کرتے ہوئے کہا: یہ چیز انسان کی زندگی میں اثر انداز ہوتی ہے کہ وہ دنیا کو کس نگاہ سے دیکھ رہا ہے، اسی دیکھنے کے طریقے سے ہی انسان اپنی زندگی کے رخ کو طے کرتا ہے کہ اسے کس سمت جانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ایک گروہ ایسا ہے جو دنیا کو صرف مادیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مادہ پرست بن جاتاہے اور چار دن کی اس زندگی کو ہی سب کچھ سمجھتاہے، لیکن دوسرا گروہ ایسا ہے جو اس چار روزہ دنیاوی زندگی کو آخرت تک پہنچنے کا صرف ایک ذریعہ اور مقدمہ سمجھتا ہے ۔
صوبہ ہرمزگان میں حوزہ علمیہ خواہران کے مدیر نے اپنی تقریر کے دوسرے حصے میں نہج البلاغہ کے خطبہ نمبر 130 کے متعلق خطاب کیا اور حضرت فاطمہ زہرا (س) اور حضرت علی (س) کی نگاہ میں دنیا کی حقیقت کو بیان کیا اور کہا: اگر آپ دنیا کی حقیقت جاننا چاہتے ہیں تو حضرت زہرا (س) اور حضرت علی (س) کی سیرت کا مطالعہ کریں۔