۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
زلزلہ سے متاثر شام پر اسرائیل کا حملہ، حلب میں ایئرپورٹ کا رن وے تباہ، خدمات معطل

حوزہ/ شامی شہر حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایئرپورٹ کا رن وے تباہ ہو گیا اور اس پر آپریشنل سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حلب/ شامی شہر حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایئرپورٹ کا رن وے تباہ ہو گیا اور اس پر آپریشنل سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔ یہ اطلاع شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (سانا) نے دی۔ ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی جانب سے منگل (7 مارچ) کی صبح میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔

ایک فوجی ماخذ کا حوالہ دیتے ہوئے سانا نے بتایا کہ اسرائیل نے لاتاکیا کے مغرب میں بحیرہ روم کی سمت سے ہوائی حملہ کیا اور حلب بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں ایئر پورٹ کو مادی نقصان پہنچا اور یہاں پر خدمات کو معطل کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ شام کی جنگ میں بڑے پیمانے پر تباہی کا شکار بننے والے حلب شہر میں گذشتہ ماہ جنوبی ترکی اور شمال مغربی شام کو پہنچنے والے مہلک 7.8 شدت کے زلزلے کے سبب ایک بار پھر بہت نقصان پہنچا تھا۔ اس کے بعد متعدد ممالک نے شہر کے ایئرپورٹ پر امداد کی ترسیل بھیجی ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق شامی وزارت ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے بعد انسانی امداد والی پروازوں سمیت تمام مقررہ پروازوں کا رخ دمشق اور لتاکیہ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک اسرائیلی عہدیداروں کی طرف سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا تھا۔

شام کے ریاستی نیوز کے مطابق 19 فروری کو بھی اسرائیل نے فضائی حملوں سے دمشق میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا تھا، جس میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .