۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا کہ اقتدار اعلیٰ اور تمام تر اختیارات کا حقیقی مالک صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔ ریاستِ اختیارات جیسی امانت کو عوامی منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی۔ الیکشنز کے انعقاد سے راہ فرار اختیار کرنا ملکی و آئینی بنیادوں کو ہلانے کے مترادف ہے‏، لہذا آئین و قانون کی بالادستی کے لیے پوری قوم اعلیٰ عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ آئین پاکستان کے تقدس کی پامالی کسی صورت قابل قبول نہیں، ‏تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگ اس اہم قومی مسئلے پر اپنا شعوری کردار ادا کریں، آئین و قانون کی بالادستی اور تحفظ کی خاطر پوری قوم اعلیٰ عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ آئینی اصولوں کے مطابق 90 روز میں انتخابات کا انعقاد ضروری ہے، جس سے انحراف آئین پاکستان کی کھلی خلاف ورزی ہے، ریاست پاکستان کی اساس آئین ہے، اس مقدس کتاب کا تقاضا ہے کہ انتخابات وقت پر کروائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار اعلیٰ اور تمام تر اختیارات کا حقیقی مالک صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔ ریاستِ اختیارات جیسی امانت کو عوامی منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی۔ الیکشنز کے انعقاد سے راہ فرار اختیار کرنا ملکی و آئینی بنیادوں کو ہلانے کے مترادف ہے‏، لہذا آئین و قانون کی بالادستی کے لیے پوری قوم اعلیٰ عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی طور پر اس وقت پاکستان کڑے وقت سے گزر رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی تلوار ہمارے سر پر لٹک رہی ہے، معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے قرض ملنے کی کوئی امید نہیں، اس ہیجانی کیفیت کا واحد حل بروقت اور شفاف انتخابات میں پوشیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مادر وطن کو ان مشکل حالات سے نکالنے بری طرح ناکام اور قاصر ہے، ایسی فضاء اور پالیسیاں اختیار کی جا رہی ہیں کہ ملک مزید سیاسی و معاشی بحران کے دلدل میں دھنس رہا ہے، سیاسی استحکام کے بغیر نہ تو معیشت بہتر ہو گی اور نہ ہی معاشرت، جب تک ملک سیاسی عدم استحکام میں گرا رہے گا عوامی مسائل گھمبیر تر ہوتے جائیں گے، انتشار اور مکروفریب کی سیاست سے عوام کا جمہوری اداروں اور سیاسی نظام سے اعتماد اٹھ جائے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .