حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومتی ٹولے نے وطن عزیز کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ روز بروز عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، یہ زندگی کے کسی بھی شعبے میں ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران کی نالائقیوں نے انہیں کہیں بھی منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑا، یہی وجہ ہے کہ یہ الیکشنز کے نام سے ہی خوفزدہ ہیں اور اپوزیشن جماعتوں اور کارکنان پر ریاستی جبر کا مسلسل استعمال کر رہے ہیں، حکمرانوں نے حکومتی مشینری سے عوامی خدمت کے بجائے، سیاسی حریفوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ وطن عزیز کو اس وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے، ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلی کی بدولت ہمارے ملک کو غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس مشکل پر قابو پانے کیلئے حکومتی ارسطوؤں کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، ترک صدر کو آم تو تحفے میں پیش کئے گئے ہیں لیکن اس سندھ دھرتی کے سیلاب متاثرین آج بھی حکومتی امداد کے منتظر ہیں، سورج کی آگ برساتی گرمی میں یہ ٹینٹوں میں دن رات گزارنے پر مجبور ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں، اوپر سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے رہی سہی کسر نکال دی ہے۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ حکمرانوں کو غیر ملکی دوروں سے فرصت ہی نہیں کہ وہ عوامی مسائل کا حل نکالیں، لہٰذا عوامی عدالت میں جانے کیلئے ان کے پاس دکھانے کو کچھ نہیں، یہ جس وقت بھی انتخابات میں جائیں گے، انہیں ووٹ کے ذریعے شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔