حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر علامہ شبیر حسن میثمی نے اپنے وفد کے ہمراہ سادات ہاوس چھوترون بلتستان پاکستان کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ حجة الاسلام شیخ مرزا علی کوارڈینیٹر تحریک اسلامی گلگت بلتستان، شیخ غلام رضا بہشتی، زاہد اخوند زادہ اور دیگر شامل تھے۔
حجة الاسلام سید عباس موسوی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ معزز مہمانان نے حجة الاسلام والمسلمین سید مبارک علی شاہ الموسوی النجفی کی رحلت پر خانوادہ سادات کی خدمت میں تسلیت و تعزیت پیش کیا اور ان کے آستانہ عالیہ پر حاضری دی اور ان کے ایصال کیلئے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی اور مغفرت کیلئے دعا خیر بھی کی۔
علاوہ ازاین انہوں نے مدرسہ قائمہ و شرعی عدالت کا بھی دورہ کیا اور اس موقع پر شیخ سکندر حیات نے شرعی محکمہ کی مختصر تاریخ اور سادات عظام کی خدمات خصوصاً حجة الاسلام سید عباس موسوی کی طرفسے حال ہی میں سرانجام پانے والے اور جاری دینی امور پر بھی مختصراً روشنی ڈالی۔
اس موقع پر حجة الاسلام علامہ شبیر حسن میثمی نے سادات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر حوالے سے ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کی۔
انہوں نے اس ملاقات میں امام راحل خمینی بت شکن رضوان اللہ تعالی علیہ کی برسی کے حوالے سے امام خمینی کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور اسلام خصوصاً تشیع کی بقا کیلئے ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ جدید دور کمپٹیشن کا دور ہے، لہذا نوجوانوں کا جدید تعلیم و ٹیکنالوجی سے آراستہ و آگہی حاصل کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔
آخر میں حجة الاسلام سید عباس موسوی نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور دینی امور میں ہر قسم کے ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کی۔