حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی کربلائے معلی میں خادمین حرم حضرت عباس علمدار علیہ السلام نے خیمہ عزا ئے حسین علیہ السلام کو حرم میں نصب کر دیا ہے۔
پہلی محرم سے دسویں محرم تک انجمنیں حرم حضرت عباس عملدار علیہ السلام میں اسی خیمے تلے نوحہ و سینہ زنی کرتی ہیں، روز عاشور ماتمی جلوس اسی خیمے کے نیچے کھڑے ہو کر شہدائے کربلا کو یاد کرتی ہیں ۔
ابھی محرم الحرام کی آمد میں پورے ایک ہفتے باقی ہیں، لیکن محرم کی تیاریاں ابھی سے شروع ہو چکی ہیں، یہی وجہ ہے حرم حضرت عباس علیہ السلام میں استقبال ماہ عزا کے سلسلے میں پہلے خیمہ عزا کو نصب کر دیا گیا اور اسی کے ساتھ ہی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں، عنقریب غدیر اور عید مباہلہ کے پرچم حرم کی دیواروں سے ہٹا دئے جائیں گے اور اس کی جگہ پرچم عزا کو نصب کر دیا جائے گا۔
ہر سال محرم الحرام سے ایک ہفتے پہلے ہی حرم حضرت عباس علیہ السلام اور حرم حضرت امام حسین علیہ السلام کو سیاہ پوش کر دیا جاتا ہے تا کہ چاند رات گنبد حرم امام حسین علیہ السلام پر سیاہ پرچم نصب کیا جا سکے۔