حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے پیر کی شام کہا کہ 60 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود دشمن فلسطینی جنگجوؤں کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہے، انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کی طرف سے مسجد الاقصی کی بار بار بے حرمتی کے بعد اسرائیل پر حملہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ہم نے دشمن کے بہت سے فوجیوں کو یرغمال بنا لیا ہے۔
اسی طرح انہوں نے کہا کہ ہم طویل عرصے تک لڑنے کے لیے تیار ہیں ، انہوں نے کہا کہ دشمن کا خیال تھا کہ مغربی کنارے کے لوگوں کا کوئی نہیں ہے اور اسی وجہ سے اس نے گزشتہ دو سالوں میں ہمارے سیکڑوں افراد کو ہلاک اور ہزاروں کو زخمی کیا۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا کہ القسام آپریشن غاصبوں کے جرائم اور مظالم کا جواب ہے اور یہ جرائم صیہونی حکومت نے شروع کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے علاقوں میں جنگ جاری ہے اور ہم صہیونیوں کو یرغمال بنانے کے لیے فلسطینی فوجیوں اور ہتھیاروں کو جنگی علاقوں میں بھیجیں گے اور ہمارے فوجیوں نے میرکاوا ٹینک اور دیگر فوجی ہتھیاروں کو ناکارہ بنا دیا۔
اسی طرح القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا کہ جنگ جاری رہنے کی صورت میں ہم قیدیوں کے تبادلے پر مذاکرات نہیں کریں گے، انہوں نے صیہونیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمہاری فتح کا وقت ختم ہوچکا ہے اور اب تمہاری شکست کا وقت آگیا ہے۔