۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
دیدار نخست وزیر عراق و هیئت همراه

حوزه/ رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے غزہ پر بمباری روکنے کیلئے امریکہ اور غاصب صہیونی حکومت پر سیاسی دباؤ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کو اس معاملے میں مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا چاہیئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مدظلہ نے آج عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران، غزہ کی حمایت میں عراقی حکومت اور قوم کے مضبوط مؤقف کو سراہا اور غزہ کے عوام کے قتل عام کو روکنے کے لئے امریکہ اور غاصب صہیونی حکومت پر عالم اسلام کی طرف سے بڑھتے ہوئے سیاسی دباؤ پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ عراق، خطے کے ایک اہم ملک کی حیثیت سے اس میدان میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہوئے عرب دنیا اور عالم اسلام میں رابطے کی ایک نئی بنیاد ڈال سکتا ہے۔

غزہ پر غاصب صہیونی حکومت کی طرف سے جاری جارحیت میں امریکہ براہ راست ملوث ہے، رہبر انقلاب اسلامی

انہوں نے غزہ کی قابلِ رحم صورتحال اور ان جرائم اور مظالم سے تمام آزاد انسانوں کی دل آزاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ غاصب صہیونی حکومت کے حملوں کے پہلے دن سے ہی تمام شواہد امریکیوں کے اس جنگ میں براہ راست ملوث ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہیں اور اس جنگ میں جتنی وسعت اور تباہی آرہی ہے اتنا ہی امریکہ کی صہیونی حکومت کے جرائم کی براہ راست سرپرستی کے شواہد مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔

رہبر انقلابِ اسلامی نے مزید فرمایا کہ اگر امریکہ کی طرف سے فوجی اور سیاسی مدد نہ ہو تو غاصب صہیونی حکومت جارحیت کو جاری نہیں رکھ پائے گی۔

آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای مدظلہ نے فرمایا کہ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ مکمل طور پر غزہ کے جرائم میں غاصب صہیونیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہے۔

انہوں نے تاکید کی کہ غزہ میں ہونے والے تمام تر قتل عام کے باوجود غاصب صہیونی حکومت کو شکست ہوئی ہے اور وہ اب تک ناکام رہی ہے، کیونکہ وہ اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال نہیں کر سکی ہے اور نہ ہی مستقبل میں ایسا کر سکے گی۔

رہبر انقلابِ اسلامی نے غزہ پر بمباری کو روکنے کے لئے امریکہ اور غاصب صہیونی حکومت پر سیاسی دباؤ بڑھانے کے لئے ہمہ جہت کوششوں کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق غزہ کے معاملے میں ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

غزہ پر غاصب صہیونی حکومت کی طرف سے جاری جارحیت میں امریکہ براہ راست ملوث ہے، رہبر انقلاب اسلامی

آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای مدظلہ نے اقتصادی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں ایران اور عراق کے درمیان دوطرفہ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ خدا کا شکر ہے کہ حالات آگے بڑھ رہے ہیں، لیکن اسی ابتدائی محرک کے ساتھ معاہدوں کے حصول کو جاری رکھنے کے لئے احتیاط برتنی چاہیئے اور سست روی کا شکار ہونے سے بچنے کی ضرورت ہے۔

رہبر انقلابِ اسلامی نے اربعین کے ایام میں مہمان نوازی، خدمات فراہم کرنے اور سیکیورٹی کے انتظامات پر عراقی عوام، حکومت اور وزیر اعظم کا ذاتی طور پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں ایرانی صدر حجت الاسلام والمسلمین رئیسی بھی موجود تھے۔

عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات پر انتہائی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقصیٰ طوفان آپریشن ایک بہادرانہ آپریشن ہے اور دنیا کے تمام آزاد لوگوں کے لیے خوشی کا باعث ہے، تاہم اس خوشی کے ساتھ ہم سب غزہ میں ہونے والے وحشیانہ قتل عام اور اس چھوٹے سے علاقے سے اجتماعی انتقام پر بہت دکھی ہیں۔

عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ عراق کی حکومت اور عوام کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتیں بھی غزہ کے معاملے میں اس علاقے کے مظلوم عوام کی حمایت کی پہلی صف میں کھڑی ہیں اور عراقی حکومت نے غزہ میں جرائم کو روکنے کے لئے وسیع پیمانے پر سیاسی اقدامات اٹھائے ہیں۔

السودانی نے غاصب صہیونی حکومت کے جرائم پر بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کی خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے ہماری کوشش بمباری کو روکنا ہے اور اگلے مرحلے میں غزہ کے عوام کے لئے خوراک اور ادویات بھیجنا ہے اور اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے ساتھ ہمارے مذاکرات میں ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے اور معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے عراقی حکومت کے عزم کا نیز اظہار کیا۔

غزہ پر غاصب صہیونی حکومت کی طرف سے جاری جارحیت میں امریکہ براہ راست ملوث ہے، رہبر انقلاب اسلامی

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .