حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے مقبوضہ شمالی علاقوں میں صہیونی فوج کے تین ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، جمعے کے روز حزب اللہ نے شعبا فارمز میں الرمثا، السماقہ اور خربه ماعر میں اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں پر میزائلوں سے حملہ کیا۔
حزب اللہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی تنظیم کی جانب سے داغے گئے میزائلوں نے اہداف کو درست طریقے سے نشانہ بنایا۔
اس کے علاوہ حزب اللہ نے کفرشوبا کی چوٹی پر ایک صہیونی پوزیشن کو بھی نشانہ بنایا جس سے اسرائیلی فورسز کو جانی اور مالی نقصان ہوا۔
الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس دوران اسرائیل میں ہزاروں مظاہرین نے صہیونی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے گھر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ان کے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے حماس کے زیر حراست اسرائیلی یرغمالیوں کے بارے میں معلومات اور غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا۔