حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ شب رفح میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 25 فلسطینی شہید ہوئے، اسرائیلی فوجیوں نے پناہ گاہوں پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 11 فلسطینی شہید ہو گئے۔
رفح غزہ کا وہ شہر ہے جہاں دوسرے علاقوں سے دس لاکھ سے زائد فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں اور بہت سے لوگ خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں، غزہ کی وزارت صحت کے مطابق حملہ ایک اسپتال کے قریب ہوا جس میں 50 افراد زخمی بھی ہوئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے فلسطینی خاندانوں پر مشتمل خیموں پر براہ راست بمباری کی، دوسری جانب غزہ کے علاقے خان یونس میں حماس نے جھڑپ میں تین اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کردیا۔
اسرائیلی میڈیا نے بھی 3 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فوجی اس وقت مارے گئے جب یہ فوجی ایک عمارت کا معائنہ کر رہے تھے کہ اسی وقت حماس نے عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا۔