۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ مقصود ڈومکی کی سربراہی میں مظلومین غزہ کی حمایت میں ایمبولینس کاروان نکالا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان بلوچستان چیپٹر کے زیر انتظام 15 مئی یومِ نکبہ کی مناسبت سے The Return is Near (واپسی قریب ہے) کے عنوان سے غاصب اسرائیل کے خلاف یومِ احتجاج منایا گیا۔

اس موقع پر چابیاں اٹھا کر فلسطینیوں کے حق واپسی کا اعلان کیا گیا۔ ہسپتالوں پر اسرائیلی بمباری کے خلاف علامہ مقصود علی ڈومکی کی سربراہی میں پریس کلب سے میزان چوک تک ایمبولینسز کاروان نکالا گیا۔

ڈاکٹرز اور نرسوں نے معصوم شہداء کی لاشیں اٹھا کر فلسطینیوں کی مظلومیت کا خاکہ پیش کیا۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف پوری دنیا کے غیرت مند عوام سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ غاصب اسرائیل کے مظالم میں امریکہ برطانیہ اور عالمی استکباری قوتیں شریک جرم ہیں۔ اسرائیل فلسطینی اسکولوں ہسپتالوں اور شہری آبادیوں پر بمباری کر رہا ہے۔ غزہ انسانوں کا قبرستان بن چکا ہے۔

ایمبولینس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے صوبائی رہنما سردار محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر سدرہ بتول نے کہا کہ فلسطین میں غاصب اسرائیلی فوج مسلسل شہری آبادیوں، ہسپتالوں، پناہ گزین کیمپوں اور سکولوں کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنا رہی ہے۔ اقوام عالم اسرائیلی جارحیت رکوانے کے امریکہ اور اسرائیل پر دباؤ بڑھائے۔

مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے اسرائیل کو غاصب اور نا جائز ریاست قرار دیا تھا۔ لہذا پاکستان غاصب اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔اس موقع پر ڈاکٹر فرحان علی نے کہا کہ اسرائیل مسلسل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ غزہ میں ایک لاکھ سے زائد معصوم شہداء اور زخمی اسرائیل اور امریکہ کے ظلم و بربریت کا ثبوت ہیں۔

میڈیکل ٹیکنیشن کامران علی قمبرانی نے کہا کہ فلسطین کے معصوم بچوں کو کس جرم میں قتل کیا جا رہا ہے اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کے عالمی ادارے فلسطینی بچوں کے قتل عام پر مکمل خاموش ہیں۔

تقریب میں بلوچستان کے سیاسی سماجی مذہبی رہنما اور سول سوسائٹی کے لوگ شریک ہوئے۔

اس موقع پر اسرائیلی پرچم اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا پتلا جلایا گیا، ایمبولینس کاروان میں الرحمٰن فاؤنڈیشن، وصی فاؤنڈیشن، شاہد فاؤنڈیشن، سائبان فاؤنڈیشن اور الخدمت فاؤنڈیشن نے شرکت کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .