حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ نجف اشرف حجۃ الاسلام والمسلمین سید صدر الدین قبانچی نے نجف اشرف میں نماز جمعہ کے خطبے میں کہا: 25 ذی القعدہ کو امام خمینی ؒ کی برسی ہے، ہمیں یہ ہمشہ یاد رکھنا چاہئے کہ امام خمینیؒ کتنے عظیم کارنامے انجام دئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: امام خمینی نے ایک بار پھر اسلام کو دنیا کا مرکز توجہ بنایا، مسلمانوں کی عزت و وقار کو لوٹایا اور قوموں کی قیادت میں مرجعیت کے کردار کو بحال کیا۔
نجف اشرف کے امام جمعہ نے کہا: امام خمینی (رہ) نے مسئلہ فلسطین کو زندہ کیا اور دنیا کا نقشہ بدل دیا اور مغربی تہذیب کے تابوت میں پہلا کیل ٹھونک دیا۔
حجۃ الاسلام و المسلمین سید صدر الدین قبانچی نے کہا: امام خمینیؒ کی اس برسی کے موقع پر ہمیں دین اور مظلوموں کی خدمت کو مقدم اور سرفہرست رکھنا چاہیے۔
نجف اشرف کے امام جمعہ نے اپنے دوسرے خطبے میں کہا: یہ حج کے ایام ہیں اور اب تک 18 ہزار عراقی حج کے لئے مکہ جا چکے ہیں اور ہم ان کی بحفاظت واپسی کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: حج اسلام کا ایک ستون ہے جس سے انسان کی روحانیت اور معنویت میں اضافہ ہوتا ہے اور معیشت میں بہتری آتی ہے، جیسا کہ حدیث مبارک میں ہے: حج غربت کو دور کرتا ہے۔