۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
سید صدرالدین قبانچی

حوزہ/ حجت الاسلام و المسلمین سید صدرالدین قبانچی نے مزید کہا: رمضان کا مہینہ خود کو زیور اخلاق سے سنوارنے کا مہینہ ہے اور اسی وجہ سے علمائے اخلاق اس مہینے کو تربیت نفس کے لئے نئے سال کا آغاز قرار دیتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف کے امام جمعہ حجت الاسلام و المسلمین سید صدرالدین قبانچی نے گزشتہ روز نماز جمعہ کے خطبے میں کہا: بائیڈن نے اس ہفتے اپنی ایک تقریر میں کہا ہے کہ ہم مشرق وسطیٰ پر اس لئے اپنا کنٹرول بڑھا رہے ہیں تا کہ ایران کے خطرات پر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا: بائیڈن کے مطابق یمن کے خلاف جنگ میں امریکہ کی حمایت کا مقصد داعش کی بھرپور حمایت ، علاقائی ممالک کے صدور کا تختہ الٹنا اور نئے صدور کا انتخاب، روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی حمایت، غزہ کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی بھرپور حمایت اور ایران کے خطرے پر قابو پانے کی کوشش ہے۔

حجۃ الاسلام و المسلمین قبانچی نے کہا: اگر چہ کہ امریکہ کی پالیسی اور نظریہ ہے کہ پوری دنیا پر تسلط اختیار کیا جائےلیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم اس وقت ایسے دور میں ہیں جہاں اب قومیں بیدار ہو چکی ہیں اور اسلام کی رہنمائی میں ان کی آزادی کا آغاز ہو چکا ہے۔

امام جمعہ نجف اشرف نے اپنے خطبے کے ایک اور حصے میں کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے شعبان کے آخری جمعہ کو خطبہ دیتے ہوئے 15 تربیتی اور اخلاقی مسائل کا ذکر کیا ہے، حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اس خطبہ میں درج ذیل چیزوں کا ذکر فرمایا ہے:

۱۔ خدا آپ روزہ رکھنے کی توفیق دے، ۲۔ اللہ آپ کو تلاوت قرآن کی توفیق دے، ۳۔ روزے کی حالت میں روز قیامت کی بھوک اور پیاس کو یاد کرو۔ 4- فقراء و مساکین کی مدد کرو اور صدقہ دو۔ 5- اپنے بڑوں کی عزت کرو۔ 6- چھوٹوں پر رحم کرو۔ 7- صلہ رحم کرو۔ 8- اپنی زبان کو قابو میں رکھو، 9- اپنی آنکھوں کو محرمات سے بچاؤ۔ 10- جن چیزوں کو سننا جائز نہیں اس سے پرہیز کرو، 11- یتیموں کے ساتھ ہمدردی کرو۔ 12- اللہ سے توبہ کرو۔ 13- خدا سے دعا کرو۔ 14- استغفار کے ذریعے اپنے آپ کو جہنم کی آگ سے بچاؤ۔ 15- طویل سجدے سے اپنے گناہوں کا بوجھ ہلکا کرو۔

انہوں نے مزید کہا: یہ سب کچھ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ رمضان کا مہینہ خود کو زیور اخلاق سے سنوارنے کا مہینہ ہے اور اسی وجہ سے علمائے اخلاق اس مہینے کو تربیت نفس کے لئے نئے سال کا آغاز قرار دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ماہ رمضان سے ان لوگوں کے سال کا آغاز ہوتا ہے جو راہ عبودیت اور بندگی کو طے کرنا چاہتے ہیں اور اس عظیم راستے پر گامزن ہونا چاہتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .