۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
1

حوزہ/ غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں درجنوں فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کی وزارت صحت نے آج دوپہر (پیر) کو ایک بیان شائع کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے مزید 5 حملے کئے گئے جن میں 40 شہید اور 218 زخمی ہوئے ، جس کے بعد انہیں غزہ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

اس بیان کے مطابق ملبے تلے اب بھی بڑی تعداد میں فلسطینی شہداء کی لاشیں موجود ہیں اور غزہ کی موجودہ صورتحال میں امدادی دستے انہیں باہر نکالنے سے قاصر ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں شہداء کی کل تعداد 37 ہزار 124اور زخمیوں کی تعداد 84ہزار 712 ہوگئی ہے۔

"الجزیرہ" چینل نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج نے آج علی الصبح غزہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 20 فلسطینی شہید ہو گئے۔

جنوبی غزہ میں رفح علاقے کی ہنگامی کمیٹی کے سربراہ نے بھی الجزیرہ کو بتایا کہ بجلی کے متعدد جنریٹر فیل ہو گئے ہیں اور یہ مسئلہ شہداء کی تعداد میں نمایاں اضافہ کا سبب بنے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 8 ماہ کے دوران اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں طبی، تعلیمی اور مذہبی سہولیات سمیت متعدد تنصیبات کو تباہ کیا ہے، غزہ کے لوگ اسرائیلی فوج کے محاصرے میں ہیں اور انہیں ادویات اور خوراک کی اشد ضرورت ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .