حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی الحکمت پارٹی کے سربراہ حجۃ الاسلام سید عمار حکیم نے استقبال محرم کے سلسلے میں ’خادمین منبر حسینی‘ کے عنوان سے نجف اشرف میں منعقد تیسری کانفرنس میں مبلغین سے خطاب کیا۔
انہوں نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: یوم غدیر اور ماہ محرم ولایت اور حکومت کا پیغام دیتے ہیں، اور آیہ قرآن کے نقطہ نظر سے تکمیل دین کے لئے اعلان غدیر ضروری ہے، غدیر کا اسلام کے مشن سے گہرا تعلق ہے، غدیر دین کی تکمیل اور اتمام نعمت اور کفار کی مایوسی کا دن ہے۔
عراقی الحکمت پارٹی کے سربراہ نے کہا: محرم، راہ ولایت میں ایثار و قربانی اور صالح حکومت کے قیام کا نام ہے، اہل بیت علیہم السلام نے روزہ عاشورہ عظیم قربانی پیش کی اور امام حسین علیہ السلام کے اصحاب بہترین اصحاب تھے۔
انہوں نے کہا: امام حسین علیہ السلام کی قربانی لوگوں کو حق و انصاف پر مبنی زندگی کا پیغام دیتی ہے ، امام حسین علیہ السلام ایک مرکزی موضوع ہیں اور ان کی زیارت ہر حال میں مستحب ہے۔
سید عمار حکیم نے مزید کہا: مجلس عزا نے وفاداری، لگن اور ہمت کے ساتھ نسلوں کی پرورش کی، امام حسین علیہ السلام ہر عنوان سے ایک مکتب اور شہید اشک ہیں۔
عراقی الحکمت پارٹی کے سربراہ نے کہا:ایسے ذاکرین بھی ہیں جوعزاراوں کے آنسو نکلوانے کے لیے جھوٹے واقعات اور روایات کا سہارا لیتے ہیں اور امام حسین (ع) کی توہین کرتے ہیں، عزاداری کے زیر سایہ امام حسین علیہ السلام کی توہین کرنا قطعاً جائز نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا: امام حسین علیہ السلام ایک ایسی حقیقت کا نام ہے جس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، نہ کہ ایسی تاریخ جسے ہم صرف کتابوں میں پڑھتے ہیں، لہذا امام علیہ السلام کی زندگی سے ہمیں عملی فائدہ اٹھانا چاہیے، کیوں کہ ہمیں امام حسین علیہ السلام کو اپنی روزمرہ کی زندگی سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔