۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
آیت‌ الله حافظ ریاض حسین نجفی

حوزہ/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ ختم نبوت کے بعد سلسلہ امامت ہے ،جسے تسلیم کرنے کا شرف صرف اہل تشیع کو حاصل ہے ،باقی مسلمان فرقوں نے امامت کو تسلیم نہیں کیا ،جیسے یہودیوں نے حضرت عیسیٰ کو تسلیم نہ کیا اور مسیحیوں نے ختم الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تسلیم نہ کیا اور وہ پیچھے رہ گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع مسجد علی جامعة المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن مجید سید الانبیاء ختم المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں قصیدہ خوانی کر رہا ہے۔ کلام الٰہی میں کئی سورتیں شان رسالت میں نازل ہوئیں۔

انہوں نے کہا سورہ ’نجم ‘عظمت اورواجب سجدے والی سورة ہے، جس کی تلاوت سرور کائنات نے فرمائی تو لوگ مدہوش ہو گئے اور سجدے میں چلے گئے، جن میں مشرک اور کفار بھی شامل تھے۔

حافظ ریاض نجفی نے زور دیا کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ غیر مسلم مذاہب مسیحی ، یہودی اور دیگر کو بھی اپنی محافل میں دعوت دیں تاکہ وہ بھی اسلام کی آفاقی تعلیمات، قرآن مجید اور سیرت طیبہ رسول و اہل بیت علیہم السلا م سے آگاہ ہوں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے میثاق مدینہ کفار اور یہودیوں کے ساتھ کیا،وہ رحمت للعالمین ہیں۔ کفار اور مشرکین آپ سے مسجد نبوی میں بھی آ کر ملتے تھے مگر افسوس ہم انہیں دور کرتے جا رہے ہیں اور اپنی عبادت گاہوں میں ا نہیں آنے کی اجازت نہیں دیتے ۔ہمیں چاہیے کہ غیر مسلم مذاہب کو مسجدوں، مدارس اور امام بارگاہوں میں آنے کی دعوت دیں، اپنے پروگراموں میں شامل کریں، اس طریقے سے وہ اسلام سے مانوس ہوں گے، کیو نکہ اسلام محبت سے پھیلا ہے نفرت سے نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کا فرمان اقدس ہے کہ غیر مسلم کو اسلام کی طرف لانا ایک ہزار اونٹ راہ خدا میں قربان کرنے سے افضل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسیحی اور یہودیوں سے سماجی تعلقات معاشرے میں رکھتے ہیں، ان کے گھروں میں آنا جانا ہوتاہے تو انہیں مساجد میں دعوت دینے میں بھی کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔ پیغمبر رحمت اللہ العالمین ہیں، وہ صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ تمام اقوام کے لیے ہیں ۔

حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ ختم نبوت کے بعد سلسلہ امامت ہے ،جسے تسلیم کرنے کا شرف صرف اہل تشیع کو حاصل ہے ،باقی مسلمان فرقوں نے امامت کو تسلیم نہیں کیا ،جیسے یہودیوں نے حضرت عیسیٰ کو تسلیم نہ کیا اور مسیحیوں نے ختم الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تسلیم نہ کیا اور وہ پیچھے رہ گئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .