بدھ 18 دسمبر 2024 - 14:15
زمانہ غیبت میں مرجع تقلید اور ولی فقیہ کی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے: سیکرٹری جنرل اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی

حوزہ/ انہوں نے کہا کہ غیبت کے دور میں مرجعیت اور ولایت کی رہنمائی کو اپنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ دین کو محفوظ رکھنے کے لیے ہمیں اپنی زبان، آنکھ اور کان پر قابو پانا ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اہل بیت(ع) عالمی اسمبلیکے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین رضا رمضانی نے کہا کہ غیبت کے دور میں مرجعیت اور ولایت کی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین کو محفوظ رکھنے کے لیے انسان کو محنت کرنی ہوگی اور اپنی آنکھ، کان اور زبان کی حفاظت کرنی ہوگی۔

زاہدان کی مسجد علی بن ابی طالب (ع) میں نمازگزاروں سے خطاب کرتے ہوئے، حجۃ الاسلام والمسلمین رضا رمضانی نے امام رضا علیہ السلام کی ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مؤمن انسان کی تین خصوصیات ہیں: ایک پروردگار کی سنت، دوسری پیغمبر کی سنت، اور تیسری امام کی سنت۔

انہوں نے کہا: سنت پروردگار 'راز پوشی' ہے، پیغمبر کی سنت لوگوں کے ساتھ نرمی اور بردباری سے پیش آنا، اور امام کی سنت سختیوں اور تنگدستی میں صبر کرنا ہے۔

انہوں نے پروردگار کی سنت یعنی راز پوشی کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ روایت کے مطابق اگر لوگوں کے باطن ظاہر ہوجائیں تو کوئی کسی کو دفن نہ کرے۔ اللہ تعالیٰ ستار العیوب اور انسانوں کے رازوں کا نگہبان ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین رمضانی نے کہا کہ ہمیں لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش کرنی چاہیے نہ کہ ان کی غلطیاں تلاش کرنے کی۔ ایک مؤمن کو مشکلات کے سامنے ثابت قدم رہنا چاہیے اور حقیقی ایمان کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

صبر اور استقامت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امام کے ساتھ رہنے کے لیے صبر اور قربانی ضروری ہے۔ اگر ہم امام زمانہ علیہ السلام کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو ہمیں صبر و استقامت کے ساتھ ان کے انتظار میں رہنا ہوگا۔

منتظرین کی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خود کو سنوارنا، دوسروں کو بہتر بنانا، اور ظہور کی زمینہ سازی کرنا ان کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام زمانہ علیہ السلام کی موجودگی کو تسلیم کرنا اور ان سے محبت و معرفت رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام زمانہ (عج) اِس وقت بھی موجود ہیں اور ہماری امامت فرما رہے ہیں، مگر وہ نظروں سے پوشیدہ ہیں۔ ہمیں ان کی مدد کے لیے ابھی سے تیار رہنا چاہیے۔

آخر میں انہوں نے تاکید کی کہ ہمیں اپنے وقت کے امام کے ساتھ وفادار رہنا چاہیے تاکہ امام زمانہ علیہ السلام کے ظہور کے لیے زمینہ ہموار کی جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .