بدھ 25 دسمبر 2024 - 10:18
ہمیں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات پر فخر ہے: قطر

حوزہ/ قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے اپنے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا کہ قطر کو اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے مضبوط اور اصولی تعلقات پر فخر ہے، اور خطے کی پیش رفت کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے اپنے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا کہ قطر کو اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے مضبوط اور اصولی تعلقات پر فخر ہے، اور خطے کی پیش رفت کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔

قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (QNA) کے مطابق، الانصاری نے بتایا کہ قطر اور ایران کے تعلقات کئی منصوبوں، خاص طور پر گیس کے شعبے میں، تعاون پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات خطے کی صورتحال اور مشترکہ تعاون کے بارے میں ہیں، اور قطر ان تعلقات کو اپنی کامیابی سمجھتا ہے۔

روس اور یوکرین میں قطر کی ثالثی کی کوششیں

ماجد الانصاری نے قطر اور روس کے مثبت تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دوحہ، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ سے متاثرہ بچوں کو ان کے خاندانوں سے دوبارہ ملانے کے لیے ثالثی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

صہیونی اقدامات کی مذمت

انہوں نے اسرائیل کے مقبوضہ جولان کی پہاڑیوں میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قطر پہلے بھی ایسے اقدامات کے خلاف آواز اٹھا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے موقع پرستانہ منصوبوں کا مقابلہ کرنے کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔

شام کی حمایت پر قطر کا مؤقف

وزارت خارجہ قطر نے شام کی خودمختاری، آزادی، اور علاقائی سالمیت کی حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوحہ خطے اور عالمی سطح پر شام میں امن و استحکام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

غزہ کی صورتحال اور انسانی بحران

ماجد الانصاری نے غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ اور قاہرہ میں مذاکرات جاری ہیں، لیکن غزہ کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے اور انسانی بحران مزید سنگین ہو چکا ہے۔

فلسطینی پناہ گزینوں کی حمایت

قطر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے کام کرنے والی ایجنسی (UNRWA) کی سرگرمیوں پر اسرائیلی پابندیوں کو بین الاقوامی عدالت انصاف میں لے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قرارداد کے حق میں 137 ووٹ یہ ظاہر کرتے ہیں کہ عالمی برادری نے اسرائیل کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha