اتوار 19 جنوری 2025 - 07:00
نہج البلاغہ صرف شیعوں کے لئے ہی نہیں بلکہ عالمِ اسلام کے لئے باعثِ فخر ہے

حوزہ/ حوزہ علمیہ خراسان کے دروس خارج کے استاد نے نہج البلاغہ کی منفرد خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: یہ کتاب نہ صرف شیعوں بلکہ اہل سنت کے لیے بھی انتہائی گرانقدر اور اسلام کا فخر ہے۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حوزہ علمیہ خراسان کے دروس خارج کے استاد حجت الاسلام والمسلمین درایتی نے مرکز تخصصی علوم دینی ائمه‌اطهار(ع) میں "امیرالمؤمنین علیہ السلام کے فرمودات پر نئی تحقیقات" کے عنوان سے منعقدہ ایک علمی اجلاس میں گفتگو کے دوران کہا: نہج البلاغہ نہ صرف شیعوں بلکہ اہل سنت کے لیے بھی انتہائی گرانقدر اور اسلام کا فخر ہے چونکہ یہ ہر دور اور نسل کے لیے زندہ و جاوید کتاب ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین داریتی نے اس اجلاس میں نہج البلاغہ کے مختلف پہلوؤں اور عالم اسلام پر اس کے اثرات کا تجزیہ اور وضاحت پیش کرتے ہوئے اس کے علمی اور روحانی پہلوؤں کا بھی جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے نہج البلاغہ کی تاریخ تالیف اور اثرات کو بیان کرتے ہوئے کہا: نہج البلاغہ کو سید رضی مرحوم (رح) نے اس وقت تالیف کیا جب وہ ابتدا میں دیگر موضوعات پر کام کر رہے تھے لیکن بعض دوستوں کے اصرار پر انہوں نے حضرت علی علیہ السلام کے کلمات کو یکجا کرکے اس عظیم کتاب کی بنیاد رکھی، تاہم یہ کتاب امام علی علیہ السلام کی تمام فرمودات پر مشتمل نہیں۔ بعد میں علماء نے اس میں مزید اضافہ کیا ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین درایتی نے کہا: نہج البلاغہ ائمہ علیہم السلام کے دیگر آثار سے بلاغت اور فصاحت میں نمایاں فرق رکھتی ہے۔ حضرت علی علیہ السلام کے خطبات میں نظام اور تاثیر کا عنصر نمایاں ہے جو دیگر ائمہ علیہم السلام کے کلمات کے مواقع اور حالات کے باعث مختلف ہے چونکہ بقیہ ائمہ علیہم السلام کا کلام بیشتر سوال و جواب کی صورت میں ہی ملتا ہے اور انہیں اس طرح کے خطبات یا تقاریر کی فرصت نہیں ملی۔

انہوں نے حضرت علی علیہ السلام اور امام رضا علیہ السلام کی توحید سے متعلق خطبات میں مماثلت کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا: اس میدان میں دونوں ائمہ علیہما السلام کے خطبوں میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ امیرالمؤمنین علیہ السلام کے خطبات امام رضا علیہ السلام کے خطبات سے مطابقت رکھتے ہیں جو کہ اس مضمون کی حقیقت پر دلالت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا: یہ کتاب شیعہ و سنی دونوں کے لیے انتہائی اہم ہے اور پورے اسلام کے لیے باعث فخر ہے۔ اہل سنت بھی اس کتاب کو خاص اہمیت دیتے ہیں۔ الازہر یونیورسٹی مصر کے ایک استاد نے کہا ہے کہ "میں ہائی سکول کے زمانے سے نہج البلاغہ سے آشنا ہوا اور نہج البلاغہ صرف شیعوں کا ہی نہیں بلکہ عالمِ اسلام کے لئے باعثِ فخر ہے۔"

حجت الاسلام والمسلمین درایتی نے نہج البلاغہ کے تعلیمی مضامین اور انفرادیت کو بیان کرتے ہوئے کہا: نہج البلاغہ میں حکمرانی، حقوق بشر، اور انسانی کرامت جیسے موضوعات بڑی تفصیل سے بیان ہوئے ہیں۔ مالک اشتر کو لکھے گئے مشہور خط سمیت امام علی علیہ السلام کے دیگر خطوط دینی و حکومتی امور پر قیمتی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: یہ کتاب سماجی انصاف، حقوقِ انسانی اور دینی حکمرانی کے اصولوں کا عظیم ذخیرہ ہے، جو دیگر دینی متون میں کم نظر آتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha