پیر 10 فروری 2025 - 06:00
میڈیا اور ہنر قرآنی ثقافت کی ترقی و ترویج پر گہرا اثر ڈال سکتے ہیں

حوزہ / ایران کے صوبہ ہرمزگان میں نمائندہ ولی فقیہ نے کہا: میڈیا اور ہنر اپنی مخصوص صلاحیتوں کے ذریعہ قرآنی ثقافت کی ترقی اور ترویج پر گہرا اثر ڈال سکتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ ہرمزگان میں نمائندہ ولی فقیہ حجت‌ الاسلام والمسلمین محمد عبادی‌ زاده نے ہرمزگان میں قرآنی تنظیموں کے ساتھ منعقدہ ایک فیسٹیول میں خطاب کرتے ہوئے کہا: قرآنی تحریک کے فروغ اور قرآنی سرگرمیوں کو عوامی سطح پر لے جانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ہمیں ملک اور صوبہ ہرمزگان میں ایک ایسی قرآنی تحریک کی ضرورت ہے جو اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتی جب تک اس کے لیے سنجیدہ عزم و ارادہ، واضح لائحہ عمل اور عوام و حکام کی ہمہ جہت حمایت موجود نہ ہو۔

حجت‌ الاسلام عبادی‌ زاده نے کہا: اگر قرآنی سرگرمیاں عوامی زندگی میں شامل نہ ہوں اور صرف سرکاری اداروں تک محدود رہیں تو ان کا اثر کم ہو جائے گا۔ لہٰذا مساجد، یونیورسٹیوں اور محلوں میں قرآنی مباحثے اور مکالمے کے گروہ بنائے جانے چاہئیں تاکہ قرآن لوگوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن جائے۔

ہرمزگان میں نمائندہ ولی فقیہ نے ایک نئے قرآنی منصوبے "آیات کے ساتھ زندگی" کے آغاز کا اعلان کیا اور کہا: اس منصوبے میں 200 منتخب آیات کو حفظ کرانے کے ساتھ ساتھ معرفتی مباحث بھی شامل ہوں گی اور رمضان المبارک میں اسے وسیع پیمانے پر انجام دیا جائے گا۔

انہوں نے میڈیا اور فن کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا: فلم، تھیٹر، خطاطی اور شہری ڈیزائن جیسے فنون قرآنی ثقافت کو فروغ دینے میں نمایاں اثر رکھتے ہیں۔

حجت‌الاسلام عبادی‌زاده نے کہا: ریڈیو اور ٹیلی ویژن کو قرآنی پروگرامز کے لیے زیادہ وقت مختص کرنا چاہیے تاکہ معاشرے میں قرآنی تعلیمات کا گہرا اثر پیدا ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha