حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے میڈیا اور سائبر اسپیس سینٹر کے سربراہ، حجت الاسلام والمسلمین رضا رستمی نے قم المقدسہ میں مبلغین اور میڈیا کارکنان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حوزہ نیوز ایجنسی نے اپنی نشریاتی سرگرمیوں کو چار زبانوں سے بڑھا کر 11 زبانوں تک پھیلایا ہے۔
اربعین اور میڈیا کے چیلنجز
حجت الاسلام والمسلمین رستمی نے اربعین حسینی کو عصر حاضر کے عظیم ترین شعائر میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی میڈیا اربعین کو سنسر کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال اربعین کی میڈیا سنسرشپ کے موضوع پر کئی تخصصی اجلاس منعقد کیے گئے تاکہ اس مسئلے کے مختلف پہلوؤں کا تجزیہ کیا جا سکے۔ ان کے مطابق، روایتی میڈیا پر عائد رکاوٹوں کے پیش نظر، اب سب سے مؤثر ذریعہ طلاب، روحانی شخصیات اور مبلغین ہیں، جو اربعین کے پیغام کو عام کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
حوزہ نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی توسیع
حجت الاسلام رستمی کے مطابق، حوزہ نیوز نے 2021 میں چار زبانوں میں کام کا آغاز کیا تھا، جبکہ 2025 تک یہ تعداد 11 زبانوں تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سال کے آخر تک تمام 11 زبانوں میں ویب سائٹس مکمل طور پر فعال ہو جائیں گی، اور اربعین حسینی کے دوران وسیع پیمانے پر خبروں کی اشاعت میں مددگار ثابت ہوگی۔
میڈیا کارکنان کی خدمات کا اعتراف
تقریب کے اختتام پر حوزہ علمیہ کے میڈیا سینٹر کے نمایاں اراکین کی خدمات کا اعتراف کیا گیا اور انہیں خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔
آپ کا تبصرہ