حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے میڈیا و ڈیجیٹل اسپیس سینٹر کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین رضا رستمی نے جامعۃ المصطفیٰ کے اجلاس ہال میں منعقدہ حوزات علمیہ کے صوبائی مدیران، معاونین اور مرکز مدیریت کے مدیران کے اجلاس میں کہا: گزشتہ برسوں کے دوران اکثر اوقات حوزہ کا تعارف خود حوزویوں کے بجائے دوسرے افراد اور حوزہ کے مخالفین کے ذریعے کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا: میڈیا کے میدان میں "کسی واقعہ کو نقل کرنے کا علم" ایک نہایت اہم موضوع ہے۔ آج ہمیں "نقل و روایت میں مہارت" کی شدید ضرورت ہے۔
میڈیا و ڈیجیٹل اسپیس سینٹر کے مدیر نے مزید کہا: اس مرکز نے "روایت کی مہارت" کے موضوع پر ایک تربیتی کورس تیار کیا ہے جو مبلّغین سے شروع کیا جائے گا اور پھر مختلف صوبوں تک پہنچایا جائے گا تاکہ خود حوزوی افراد ہی بہترین علم و آگہی کے ساتھ حوزہ کے راوی بن سکیں۔
انہوں نے کہا: رہبر معظم انقلاب کے پیغام کے حوالے سے ہم نے اپنے لیے دو اندرونی (درون حوزوی) اور دو بیرونی (برون حوزوی) ذمہ داریاں متعین کی ہیں۔ درون حوزوی ذمہ داریاں یہ ہیں: میڈیا کے ذریعے حوزہ علمیہ کی انسانی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور حوزہ کے میڈیا سرمایے میں اضافہ کرنا۔
حجت الاسلام والمسلمین رستمی نے کہا: اسی سلسلے میں حوزہ نیوز ایجنسی نے رہبر معظم انقلاب کے پیغام کے موضوع پر ایک مسابقہ کا آغاز کیا ہے جو آئندہ چند دنوں تک جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا: حوزہ اور روحانیت کی معاشرتی مقبولیت کو میڈیا کے ذریعے فروغ دینا اور حوزہ کے پیغام کی تاثیر کو بڑھانا دو برون حوزوی ذمہ داریاں ہیں۔ ان ذمہ داریوں کے دائرہ کار میں ہم کوشش کر رہے ہیں کہ مناسب علمی مواد کے ذریعہ حوزہ علمیہ کو غیر حوزوی افراد کے سامنے متعارف کرایا جائے۔









آپ کا تبصرہ