پیر 3 مارچ 2025 - 17:22
اسرائیل کے خلاف مقاومت ختم ہونے والی نہیں / یہ جنگ ہتھیاروں اور سازوسامان کی نہیں بلکہ ارادے اور ایمان کی جنگ ہے

حوزہ/ آیت‌ الله سید یاسین موسوی نے اسلامی مقاومت کے رہبر شہید سید حسن نصر الله کے شاندار تشییع جنازے کا ذکر کرتے ہوئے انہیں "شہیدِ امت " قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، امام جمعہ بغداد آیت‌ الله سید یاسین موسوی نے شہید سید حسن نصر الله کے شاندار تشییع جنازے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہیں "شہیدِ امت " قرار دیا اور کہا: اسرائیل کے خلاف مزاحمت، وسیع سازوسامان کے فرق کے باوجود، خطے میں ایک نئی حقیقت قائم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

انہوں نے کہا: بیروت میں سید حسن نصرالله کے جنازے کا اجتماع ایک اہم واقعہ تھا جو اسرائیل کے خلاف مقاومتی محاذ کی قیادت میں اس عظیم شخصیت کے مقام اور کردار کو ظاہر کرتا ہے۔

آیت‌ الله موسوی نے مزید کہا: شہید سید حسن نصرالله نے ایسی وسیع مقاومتی تحریک کی قیادت کی جو فلسطین، لبنان، شام، عراق، یمن اور دیگر علاقوں تک پھیلی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: مقاومت اور اسرائیلی و امریکی افواج کے سازوسامان اور امکانات میں نمایاں فرق کے باوجود، مقاومتی محور نے خطے میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ۔

امام جمعہ بغداد نے کہا: یہ جنگ ہتھیاروں اور سازوسامان کی جنگ نہیں بلکہ ارادے اور ایمان کی جنگ ہے۔ شہید نصرالله جانتے تھے کہ ہمارے اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان اسلحے یا ٹیکنالوجی کے لحاظ سے کوئی برابری نہیں ہے لیکن انہوں نے ثابت کیا کہ ارادہ اور عقیدہ فتح دلا سکتا ہے۔

حوزہ علمیہ نجف اشرف کے اس ممتاز استاد نے کہا: سید حسن نصرالله کی شہادت کے باوجود اسرائیل کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی اور اسلامی و عربی امت چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے عراق کے مختلف شہروں جیسے نجف اور بصرہ میں اور ایران، یمن و بحرین میں سید حسن نصرالله کی شاندار علامتی تشییع جنازوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: اس کا ایک واضح پیغام ہے کہ مقاومت کی روح اب بھی زندہ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha