حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم: ایران کے معروف خطیب، حجت الاسلام و المسلمین ناصر رفیعی نے حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادت کے موقع پر حرم مطہر میں منعقدہ ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے عورتوں اور خاص طور پر بیٹیوں کو ایک خاص مقام عطا کیا ہے کیونکہ بیٹیاں آئندہ کی مائیں اور دین کی مدافع شخصیات ہوتی ہیں۔
انہوں نے قرآن کریم میں بیٹیوں کی عظمت کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ: قرآن میں تین عظیم بیٹیوں کی مثالیں موجود ہیں۔ پہلی حضرت مریم سلام اللہ علیہا جن کا نام دو بار قرآن میں آیا ہے اور اللہ نے انہیں چنیدہ اور پاکیزہ قرار دیا ہے۔
دوسری بیٹی حضرت شعیب علیہ السلام کی بیٹی ہے جس کا ذکر قرآن میں اس کے حیاء کے سبب کیا گیا ہے۔
تیسری عظیم بیٹی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہیں جن کا تذکرہ آیہ مباہلہ اور آیہ کوثر میں آیا ہے۔
حجت الاسلام رفیعی نے بتایا کہ اسلام سے پہلے جاہل معاشروں میں بیٹی کی پیدائش پر باپ کا چہرہ سیاہ ہو جاتا تھا اور لوگ بیٹی کو عار سمجھتے ہوئے زندہ دفن کر دیتے تھے۔ قرآن کریم سورہ نحل کی آیات 58 اور 59 میں اس رویے کی شدید مذمت کی گئی ہے، باوجود اس کے کہ وہ لوگ مشرک تھے، اللہ نے ان بیٹیوں کی مظلومیت کے بارے میں وحی نازل فرمائی کہ "کس گناہ کے بدلے انہیں قتل کیا گیا؟"
انہوں نے ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: "رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے بیٹیوں کی تکریم کو معاشرے میں رائج کیا۔ روایت میں آیا ہے کہ ہر گھر جہاں بیٹی ہو، روزانہ اس گھر پر بارہ (12) برکتیں نازل ہوتی ہیں اور بیٹیاں اللہ کی طرف سے نیکیوں کا سبب ہوتی ہیں۔"
استاد حوزہ علمیہ قم نے امام جعفر صادق علیہ السلام کا قول نقل کرتے ہوئے کہا: "بیٹیاں بہترین اولاد ہیں، کیونکہ ان کی فطرت نرم، محبت بھری اور برکت کا باعث ہوتی ہے۔"
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفر سے واپسی پر سب سے پہلے بیٹیوں کے لیے تحفے لائے جائیں، اور جو شخص بیٹی کو خوش کرے، گویا اس نے راہِ خدا میں ایک غلام آزاد کیا۔
حجتالاسلام رفیعی نے والدین، خصوصاً باپوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں کو محبت اور توجہ دینی چاہیے کیونکہ اُن کی جذباتی فطرت محبت کی طلبگار ہوتی ہے۔ اگر بیٹیوں کو توجہ نہ دی جائے یا بیٹوں کو ان پر ترجیح دی جائے تو اس سے اُن کے کردار پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق عورتوں اور بیٹیوں کی عزت، ان کے حجاب، عفت اور تقویٰ کی حفاظت میں ہے۔ بے حجابی اور بے تقوائی اُن کی روحانی و سماجی شخصیت کو نقصان پہنچاتی ہے۔
حجت الاسلام رفیعی نے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی سب سے افضل بیٹی ہیں اور چار معصوم اماموں نے آپ کی زیارت کی تاکید کی ہے۔ آپ کی زیارت کو امام رضا علیہ السلام نے خود امام معصوم کی زیارت کے برابر قرار دیا ہے۔
انہوں نے حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی خصوصیات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ "مهاجر الی اللہ"، علم و عبادت سے مزین، ولایت مدار، باحجاب، محدثہ اور عبودیت کی پیکر تھیں۔ آپ کی شخصیت خواتین و دختران کے لیے مکمل نمونہ عمل ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کا حرم مطہر آغاز ہی سے علما و مراجع تقلید کی توجہ کا مرکز رہا ہے، اور یہ حرم انقلاب اسلامی اور حوزہ علمیہ کا قلب اور مراجع کی تربیت کا مرکز بھی ہے۔









آپ کا تبصرہ