منگل 24 جون 2025 - 19:19
مکتبِ تشیع میں ناامیدی کی کوئی گنجائش نہیں: حجت‌الاسلام احمد لقمانی

حوزہ/ حرمِ مطہر حضرت معصومہؑ قم میں خطاب کرتے ہوئے حجت‌الاسلام والمسلمین احمد لقمانی نے کہا کہ شیطان اور اس کے پیروکار معاشرے سے امید کا چراغ بجھانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن مکتبِ تشیع کی بنیاد ایک سرخ تاریخ (کربلا) اور ایک سبز مستقبل (ظہور امام زمانہؑ) پر ہے، اسی لیے ایک سچا شیعہ کبھی ناامید نہیں ہوتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرمِ مطہر حضرت معصومہؑ قم میں خطاب کرتے ہوئے حجت‌الاسلام والمسلمین احمد لقمانی نے کہا کہ شیطان اور اس کے پیروکار معاشرے سے امید کا چراغ بجھانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن مکتبِ تشیع کی بنیاد ایک سرخ تاریخ (کربلا) اور ایک سبز مستقبل (ظہور امام زمانہؑ) پر ہے، اسی لیے ایک سچا شیعہ کبھی ناامید نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ زندگی میں سکون و اطمینان کی بہت اہمیت ہے اور ہمیں چاہیے کہ نہ صرف اس سکون کو باقی رکھیں بلکہ اسے مزید بڑھانے کی کوشش بھی کریں۔

لقمانی نے کہا کہ حقیقی ایمان، خدا پر بھروسہ، اور زندگی میں امید، یہ تین اصول ایک متوازن اور صحیح زندگی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مثبت سوچ اور میٹھا مزاج انسان کو ترقی کی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے، کیونکہ جو شخص صرف خدا کے لیے ہو، خدا اس کے لیے کافی ہو جاتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسان کو ایسے افراد سے مقابلہ نہیں کرنا چاہیے جو بظاہر مالی طور پر خوشحال دکھائی دیتے ہیں، کیونکہ رزق ہر انسان کے لیے پہلے سے مقدر ہے، اور جب تک انسان اپنا مقدر شدہ رزق نہ پا لے، وہ دنیا سے نہیں جائے گا، اس لیے حرص اور لالچ بے فائدہ ہے۔

حجت‌الاسلام لقمانی نے قرآن کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے واضح طور پر بیان کیا ہے کہ اس کے دوست اور اولیاء ہر میدان میں کامیاب رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صبر اور نماز کے ذریعے خدا کی مدد حاصل کی جا سکتی ہے، کیونکہ سجدے کی سرگوشی ایک نہایت پاکیزہ اور سکون بخش عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب انسان خدا کے احکام پر عمل کرتا ہے، تو خدا اس کے تمام دشمنوں کو نیست و نابود کر دیتا ہے۔ موجودہ حالات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن چاہتے تھے کہ ایران کو تباہ کریں، لیکن اللہ کے لطف، رہبر معظم کی حکمت عملی، عوام کے اتحاد اور مسلح افواج کی طاقت سے آج خود اسرائیل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ایک مومن انسان دوسروں کو امن و سکون بخشتا ہے اور معاشرے میں امید پیدا کرتا ہے، جبکہ منافق لوگوں کی زندگی کو تلخ بناتا ہے اور مایوسی پھیلاتا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا: شیطان صفت عناصر پوری کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کے دلوں سے امید ختم ہو جائے، مگر مکتبِ تشیع ایک ایسا راستہ ہے جس کی پشت پر کربلا جیسی قربانی اور مستقبل میں امام زمانہؑ کے ظہور کی نوید ہے، اسی لیے شیعہ کبھی مایوس نہیں ہوتے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha