حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کویت میں 47 سال سے قائم قدیمی تاریخی مرکزی عشرۂ محرم الحرام کی مجالسِ عزاء مدرسہ ام سلمیٰ رمیثیہ میں منعقد ہوئیں، جن میں کویت بھر سے برصغیر پاک وہند کے مؤمنین اور علمائے کرام نے شرکت کی۔
مجالسِ عزاء سے نیو دہلی ہندوستان سے تشریف لائے خطیبِ اہلبیت حجت الاسلام سید عسکری زیدی اور پاکستان لاہور سے تشریف لائے خطیب اہلبیت حجت الاسلام سید احمد اقبال رضوی کے علاوہ کویت میں مقیم علمائے کرام حجت الاسلام مرزا عسکری حسین اور حجت الاسلام سید وصی حیدر نقوی نے خطاب کیا۔

علمائے کرام نے امام عالی مقام، نواسہ رسول، فرزند بتول، دلبند علی مرتضٰی امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اہل خانہ اور اصحاب کی بے مثال قربانیوں کا تذکرہ کیا۔
مجالسِ عزاء میں کویت میں مقیم برصغیر پاک و ہند کے ہزاروں عزاداران امام حسین علیہ السّلام نے شرکت کی اور جناب سیدہ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا اور رسول خدا صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کو ان کے پیاروں کا پرسہ دیا۔
خطباء نے حق کی خاطر امام حسین علیہ السّلام کا وقت کی ظالم ترین حکومت کے خلاف قیام کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈٹ جانے کا درس دیا۔
ان مجالس کا اہتمام تنظیم مؤمنین کویت نے کیا تھا، جبکہ ماتمداری و نوحہ خوانی مرکزی ماتمی دستہ دعائے زہراء سلام اللہ علیہ نے کی۔









آپ کا تبصرہ