جمعرات 25 ستمبر 2025 - 12:57
علم اگر اخلاق و معنویت سے خالی ہو تو انسانیت کے لیے نفع بخش نہیں ہوسکتا

حوزہ/ حوزہ علمیہ کی سپریم کونسل کے رکن، آیت اللہ سید محمد غروی نے کہا ہے کہ علم کو جب اخلاق اور معنویت سے جدا کر دیا جائے تو وہ حقیقی منافع نہیں دے سکتا، اور اس کی ناکامی کی مثالیں بعض مادہ پرست ممالک میں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کی سپریم کونسل کے رکن، آیت اللہ سید محمد غروی نے کہا ہے کہ علم کو جب اخلاق اور معنویت سے جدا کر دیا جائے تو وہ حقیقی منافع نہیں دے سکتا، اور اس کی ناکامی کی مثالیں بعض مادہ پرست ممالک میں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حوزہ علمیہ ہرمزگان کے نئے تعلیمی سال کے آغاز کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ غرویؒ نے ہفتہ دفاع مقدس کے موقع پر شہدائے انقلاب اسلامی، دفاع مقدس اور بارہ روزہ جنگ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے شہید سید حسن نصراللہ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی مزاحمت اور حزب اللہ ظلم و استکبار کے مقابلے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، اور حوزہ ہائے علمیہ کی ذمہ داری ہے کہ اس راستے کی حمایت اور ترویج میں اپنا کردار بہترین انداز سے ادا کریں۔

رکن جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم نے علم دینی کو ہدایت بشریت کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام انسان برابر ہیں اور اصل فضیلت صرف تقویٰ اور علم دین میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی علم وہی ہے جو خدا کی معرفت، حقیقتِ زندگی اور فنونِ الٰہی سے وابستہ ہو اور جو انسان کو نجات اور سعادت کی طرف رہنمائی کرے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر علم کے ساتھ اخلاق اور تواضع نہ ہو تو اس کی تاثیر باقی نہیں رہتی۔ غرور اور منیت سے دور رہتے ہوئے علم دین کو فردی اور اجتماعی سطح پر تبدیلی کا ذریعہ بنانا ضروری ہے۔

آیت اللہ غروی نے مزید کہا کہ علم حاصل کرنے کا عمل سختیوں اور مشکلات کے باوجود عظیم فضیلت رکھتا ہے۔ اس راستے کو خلوص کے ساتھ طے کرنے کی ضرورت ہے تاکہ حوزہ ہائے علمیہ اسلامی تمدن سازی میں اپنا حقیقی کردار ادا کر سکیں۔

یہ تقریب صوبائی حکام، اساتذہ اور طلاب کی موجودگی میں منعقد ہوئی اور آخر میں حوزہ علمیہ ہرمزگان کی علمی و ثقافتی سطح کو بلند کرنے میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha