حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیرِ اہتمام بانی و سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی زیرِ صدارت مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں شہید القدس فلسطین حسن نصرالله کی پہلی برسی کے موقع پر ان کی یاد میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے مختلف مکاتبِ فکر کے علماء مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید القدس حسن نصرالله کے افکار و مشن کو زندہ اور عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مولانا محمد امین انصاری نے کہا کہ شہدائے مقاومت فلسطین نے اسلام کا سر فخر سے بلند کردیا۔
شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد داؤد نے کہا کہ حسن نصراللہ، اسماعیل ھنیہ جیسے لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
علامہ عبدالخالق فریدی سلفی نے کہا کہ شہدائے فلسطین کامیاب، اسرائیل، امریکہ مقاصد میں ناکام رہے۔
مولانا منظرالحق تھانوی نے کہا کہ حسن نصراللہ ایک فکر و نظریہ کا نام ہے جسے کبھی ختم نہیں کیا جاسکتا۔
متحدہ علماء محاذ اور پاکستان نظریاتی پارٹی کے مرکزی رہنما مولانا حافظ محمد ابراہیم چترالی نے کہا کہ حکومتی سطح پر گلوبل صمود فلوٹیلا کی حمایت کا اعلان کیا جائے اور ان کی حفاظت کیلیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
علامہ سید سجاد شبیر رضوی نے کہا کہ شہدائے مقاومت فلسطین بلاامتیاز مسلک وحدت امت، حریت و عزیمت کا عملی مظہر ہیں جن کا کردار قابلِ تقلید و ستائش ہے۔
اس موقع پر مولانا قاری محمد اقبال رحیمی، علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفور اشرفی، علامہ عبدالماجد فاروقی، مولانا مفتی وجیہہ الدین نے کہا کہ فلسطین کا دو ریاستی حل عدل و انصاف کا قتل اور شہدائے مقاومت فلسطین کے خون سے غداری اور فلسطینی عوام کے مؤقف سے انحراف ہے۔
دعائیہ تقریب سے مولانا مفتی علی المرتضیٰ، ڈاکٹر و ادیب فیضان فاروقی، مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک و دیگر نے بھی خطاب کیا۔









آپ کا تبصرہ