بدھ 1 اکتوبر 2025 - 04:00
شیطان بزرگ ڈونلڈ ٹرمپ کا بیس نکاتی ایجنڈا ایک شیطانی جال ہے، علامہ حسن ظفر نقوی

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے غزہ سے متعلق ٹرمپ کے بیس نکاتی ایجنڈے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیطان بزرگ ڈونلڈ ٹرمپ کا بیس نکاتی ایجنڈا ایک شیطانی جال ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملک پاکستان کے معروف خطیب اور مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے غزہ سے متعلق ٹرمپ کے بیس نکاتی ایجنڈے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیطان بزرگ ڈونلڈ ٹرمپ کا بیس نکاتی ایجنڈا ایک شیطانی جال ہے، جس میں اس نے دو تین اسلامی ممالک کو چھوڑ کر سارے عالم اسلام کو پھنسا لیا ہے، پاکستانی حکمران جو عملی طور پر پہلے ہی اسرائیل کو تسلیم کر چکے ہیں اب اس شیطانی ایجنڈے کے ذریعے علی الاعلان تسلیم کرنے جا رہے ہیں، فلسطینیوں کی نابودی کے اعلامیے پر دستخط کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے کا مقصد صرف فلسطین پر قبضے کو قانونی حیثیت دینا نہیں، بلکہ بیت المقدس پر بھی اسرائیل کے قبضے کو ہمیشہ کے لیے جائز قرار دینا ہے۔ یہ ہزاروں لاکھوں فلسطینیوں کے خون سے خیانت ہے اور سارا عالم اسلام تماشائی بنا ہوا ہے، بلکہ امریکہ اور اسرائیل کے سہولت کار کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔

علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ادھر پاکستان کے میڈیا پر خاص طور پر اسرائیلی ایجنٹوں کو بٹھا کر اسرائیل کے حق میں رائے عامہ ہموار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے؛ ایسے سنگین حالات میں سوائے دو چار جماعتوں کے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ تاریخ اتنی بڑی خیانت کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ آج فلسطین سے خیانت کرنے والے کل ذلت اور رسوائی کا نشان بن جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے شیطان بزرگ اور اس کے گماشتے پھر سے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اگر آج علمائے اسلام نے آواز نہ اٹھائی اور امریکہ اسرائیل کے ناپاک منصوبوں کے خلاف نہ کھڑے ہوئے تو ایک ایک کر کے سب کی باری آ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ رہبر معظم نے آواز بلند کر دی ہے، حجت تمام ہو رہی ہے، یہ گھروں میں بیٹھنے کا وقت نہیں ہے، بلکہ میدان میں کھڑے ہو کر استغاثے کا جواب دینے کا وقت ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha