بدھ 12 نومبر 2025 - 16:21
سیرتِ حضرتِ زہرا سلام اللہ علیہا؛ ازدواجی زندگی کا کامل نمونہ

حوزہ/ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ایک مثالی زوجہ کے طور پر تمام مسلمان خواتین کے لیے کامل نمونہ ہیں، جن کی گھریلو زندگی محبت، ایثار اور وفاداری سے معمور تھی۔

حوزہ نیوز ایجنسی | حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ایک مثالی زوجہ کے طور پر تمام مسلمان خواتین کے لیے کامل نمونہ ہیں، جن کی گھریلو زندگی محبت، ایثار اور وفاداری سے معمور تھی۔

۱۔ شوہر کی مدد اور ساتھ دینا

جب حضرت علی علیہ السلام جہاد یا میدانِ جنگ سے واپس آتے، تو حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا نہایت گرم جوشی سے ان کا استقبال فرماتیں۔ آپؑ ان کی تلوار لے کر صاف کرتیں اور گھر میں سکون و محبت کا ماحول پیدا کرتیں۔ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نہ صرف گھریلو امور میں بلکہ امام علی علیہ السلام کے تمام سماجی اور دینی کاموں میں بھی شریک رہتیں۔ آپؑ کی ہمفکری اور ہمدلی حضرت علی علیہ السلام کے لیے تسکینِ قلب کا باعث بنتی تھی۔

۲۔ شوہر کے لیے زیب و آرائش

اسلامی تعلیمات میں میاں بیوی دونوں کو ایک دوسرے کے لیے خوشنما رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی میں بھی یہ اصول نمایاں نظر آتا ہے۔ روایت ہے کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کی شادی کی شب کے لیے بہترین خوشبودار عطر کا انتظام فرمایا تھا، اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا ہمیشہ اپنے گھر میں پاکیزگی اور خوشبو کو پسند فرماتیں۔

۳۔ قناعت اور رضائے شوہر کی تلاش

ایک موقع پر جب امیرالمؤمنین علیہ السلام نے فرمایا: سے فاطمہ! کیا کوئی کھانا ہے تاکہ میں اپنی بھوک مٹاؤں؟

حضرت نے جواب دیا: "دو دن سے گھر میں کھانا نہیں، جو کچھ تھا وہ میں نے آپ اور اپنے بیٹوں حسن و حسینؑ کو دے دیا۔"

امام علی علیہ السلام نے فرمایا: "فاطمہ! تم نے مجھے کیوں نہ بتایا تاکہ میں کچھ انتظام کرتا؟"

اس پر حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا نے حیا سے سر جھکا کر فرمایا: "اے ابا الحسن! مجھے اپنے رب سے شرم آتی ہے کہ آپ سے وہ چیز مانگوں جو آپ کے بس میں نہ ہو۔"

یہ جملہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی غیر معمولی قناعت، صبر، اور شوہر کی رضامندی کی طلب کا مظہر ہے — وہ نہ صرف ایک نیک بیوی بلکہ کامل انسانیت کا نمونہ تھیں۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ازدواجی زندگی محبت، ایثار، دینداری اور فہم و بصیرت سے لبریز تھی۔ آپؑ نے عملی طور پر یہ دکھایا کہ ایک مثالی شریکِ حیات وہ ہے جو محبت کے ساتھ ذمہ داری نبھائے، شوہر کا سہارا بنے، اور دنیاوی خواہشات کے بجائے رضائے الٰہی کو ترجیح دے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha