حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،انٹرنیشنل نور مائکرو فلم سینٹر ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی کے زیرِ اہتمام تاریخی و علمی اہمیت کی حامل کتاب "تاریخِ پھندیڑی سادات" (تالیف: مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی) کی پروقار رسمِ اجراء امامبارگاہ پنجتنی، پھندیڑی سادات میں 23 نومبر 2025ء، بروز اتوار نہایت شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوئی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ اس کے بعد مولانا امیر رضا صاحب نے مدحتِ حضرت زہراء سلام اللہ علیہا پیش کی۔ پھر حاجی ذوالفقار باقر نے ایک شعر کے ساتھ رسمِ اجراء کا باقاعدہ آغاز کیا، جس کے بعد نمائندۂ ولی فقیہ حجۃ الاسلام والمسلمین آقای ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الٰہی اور متعدد علمائے کرام کے مبارک ہاتھوں سے کتاب کی رونمائی انجام پائی۔

آقای حکیم الٰہی نے اپنے بامقصد خطاب میں کتاب کی اہمیت، مولف کی تحقیق اور پھندیڑی سادات کی علمی و تاریخی وراثت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ دورانِ خطاب کتاب کو ہاتھ میں اٹھا کر انہوں نے اس کے تحقیقی مقام کو اجاگر کیا۔

ڈاکٹر مہدی خواجہ پیری (ڈائریکٹر، انٹرنیشنل نور مائکرو فلم سینٹر نور) کی نگرانی میں مرتب کی گئی اس کتاب میں مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی نے برسوں کی تحقیق اور معتبر مراجع کی بنیاد پر پھندیڑی سادات کی مکمل تاریخ ترتیب دی ہے، جس میں: بستی کے عوامی، علمی اور دینی ارتقا، قدیم و جدید ادوار کی دستاویزات، علما، دانشوروں، اطباء، انجینئرز، پروفیسرز اور دیگر ممتاز شخصیات کے تذکرے۔

اس موقع پر مولانا محسن (پرنسپل وثیقہ عربی کالج، فیض آباد) نے کتاب کو مولف کا مہتم بالشان علمی کارنامہ قرار دیا۔ حاجی ذوالفقار باقر نے نور مائکروفلم سینٹر کے مشن سے آگاہ کرتے ہوئے دیگر تاریخی منصوبوں کا ذکر کیا۔

مولانا سید رضی زیدی نے تاریخ کی حفاظت اور اسے نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مولانا ڈاکٹر شہوار حسین نقوی نے کہا: تاریخ دراصل انسان کی اجتماعی یادداشت ہے، اور اس یادداشت کی حفاظت آئندہ نسلوں کی فکری رہنمائی کے لیے نہایت ناگزیر ہے۔ انہی کوششوں کے ذریعے ایک عظیم علمی سرمایہ نہ صرف محفوظ ہو رہا ہے بلکہ آنے والے زمانوں کے لیے مشعلِ راہ بھی بن رہا ہے۔ کتابیں وہ واحد طاقت ہیں جو صدیوں بعد بھی زندہ رہتی ہیں، جبکہ زمانہ بدلتا رہتا ہے اور ٹیکنولوجی کے انداز تبدیل ہوتے رہتے ہیں؛ جیسے ٹیپ ریکارڈر زمانے کے دھارے میں کھو گیا، مگر کتاب آج بھی اپنے پورے وقار کے ساتھ موجود ہے۔ ایک محقق جب شب و روز محنت اور مسلسل عرق ریزی کے بعد ایک کتاب کو جنم دیتا ہے تو اس راہ کی تمام دشواریوں اور کٹھن مرحلوں کا حقیقی احساس صرف اسی کے دل کو ہوتا ہے۔مولانا سید رضی کی یہ کاوش پھندیڑی سادات کے لیے انمول تحفہ ہے لہذا کتاب اور مطالعہ کا دامن تھامے رہیں.

اس موقع پر پھندیڑی سادات ویلفیئر کمیٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا کہ انہوں نے اس علمی و تاریخی کتاب کی رسمِ اجراء کو سہ روزہ عزائے فاطمی جیسے عظیم اور روحانی پروگرام کا حصہ بنا کر اس تقریب کی معنویت میں بے پناہ اضافہ کیا۔ کمیٹی کی اس دوراندیشی اور حسنِ انتظام کو حاضرین نے بے حد سراہا۔

اس تقریب میں متعدد معزز علمائے کرام اور فضلاء شریک ہوئے، جن میں مولانا تقی ایران کلچرہاوس دہلی، مولانا محسن، مولانا کاظم سرسوی، مولانا ضمیر جعفری، مولانا محسن (مدیر مدرسہ بیت العلم)، مولانا اعجاز حسین، مولانا اسرار مرتضوی، مولانا مؤثر زیدی، مولانا ظہیر حیدر، مولانا ناصر عباس زیدی، مولانا محمد حسنین، مولانا حسین عباس، مولانا محمد جعفر، مولانا اقبال مہدی اور دیگر معززین شامل تھے۔
20:31 - 2025/11/24









آپ کا تبصرہ