حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں آج ایک روح پرور اور نورانی محفل منعقد ہونے جا رہی ہے جو جگر گوشۂ رسول، خاتونِ جنت، مرکزِ عترت و طہارت، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی ولادتِ باسعادت کی خوشی میں سجائی جا رہی ہے۔
محفل کا اہتمام محبانِ حضرت زہرا سلام اللہ علیھا – طلابِ ہندوستان مقیم قم المقدسہ کی جانب سے کیا گیا ہے، جس میں مومنین و محبانِ اہل بیت علیہم السلام کو بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ اس بابرکت اجتماع سے ایمان تازہ ہو اور قلوب نورانیت سے معمور ہوں۔
اطلاع کے مطابق ہر سال کی طرح اس سال بھی یہ عظیم الشان جشن ایک “طرحی محفل” کی صورت میں منعقد ہوگا، جس میں شعراء حضرات مخصوص مصرعہ طرح پر اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کریں گے۔ مقررہ مصرعے یہ ہیں:
دین کو کر گئیں سرخرو فاطمہؑ
مدحِ زہراؑ کرتے کرتے ہم جناں تک آ گئے
محفل کی نظامت مولانا فیروز عباس رنوی کریں گے، جو اپنے دلنشیں انداز سے محفل کو مزید روحانی فضا عطا کریں گے۔
یہ جشن آج بروز بدھ، 19 جمادی الثانی کو نمازِ مغربین کے بعد ٹھیک 7 بجے حسینیہ امام صادق علیہ السلام، قم المقدسہ میں شروع ہوگا۔
منتظمین نے تمام محبان حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے گزارش کی ہے کہ وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھتے ہوئے بروقت تشریف لائیں اور اس نورانی محفل میں شرکت کر کے ثوابِ عظیم حاصل کریں۔









آپ کا تبصرہ