حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجت الاسلام ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے ٹرمپ کی جانب سے مرجعِ عالی قدر، رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہای (دام ظلہ) کے خلاف دی جانے والی دھمکیوں کو نہایت قابلِ مذمت، اشتعال انگیز اور عالمی ضوابط و انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرجعِ تقلید سید علی خامنہ ای کے پرچم تلے پوری دنیا کے مسلمان متحد ہیں؛ امریکہ کو ساری دنیا میں جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات امریکی طاغوت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔ امریکہ کو یاد رکھنا چاہیے کہ مرجع عالی قدر رہبر معظم کے پیروکار صرف ایران تک محدود نہیں ہیں اور مرجعیت پر حملہ صرف کسی ایک مرجع پر حملہ نہیں، بلکہ سارے جہان اسلام پر حملہ تصور ہو گا، جس کا جواب ساری دنیا میں امریکہ کو دیا جائے گا۔
ڈاکٹر شفقت شیرازی نے کہا کہ مراجع کرام کو دھمکیوں اور جارحانہ بیانات سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔ ہم مسلمان صرف خدا سے ڈرتے ہیں اور ٹرمپ سے کسی قسم کے خوفزدہ نہیں ہیں۔ ٹرمپ کے مقابلے میں تمام مسلمان اپنے دینی قائد اور عظیم مرجع کے دفاع کو اپنا دینی اور اخلاقی فریضہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ اور اُس جیسے استکباری ذہنیت کے حامل افراد کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ انبیاء علیہم السّلام کے وارثوں کو نہ طاقت کے نشے نے کبھی جھکایا ہے اور نہ ہی دھمکیوں کی زبان نے تاریخ کا رخ موڑا ہے؛ ایسی زبان ہمیشہ زوال پذیر قوتوں کی پہچان رہی ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری خارجہ پالیسی نے کہا کہ ہم واضح اور دوٹوک الفاظ میں اعلان کرتے ہیں کہ مرجعِ عالی قدر کے خلاف کسی بھی قسم کی دھمکی یا گستاخانہ بیان ناقابلِ قبول ہے اور اسے عالمِ اسلام سمیت دنیا کے تمام آزاد ضمیر انسان مسترد کرتے ہیں؛ اس طرح کے بیانات عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ اور بین الاقوامی استحکام کے منافی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے دعویداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کی مذہبی قیادت کے خلاف دی جانے والی دھمکیوں کا فوری نوٹس لیں اور استکباری جارحیت کے خلاف واضح مؤقف اختیار کریں۔
ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ مرجعِ عالی قدر آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہای کے پرچم تلے ساری دنیا کے مسلمان متحد ہیں؛ لہٰذا کسی بھی غلطی کا جواب امریکہ کو ساری دنیا میں ملے گا۔









آپ کا تبصرہ