پیر 2 فروری 2026 - 17:57
آیت الله حافظ ریاض حسین نجفی کی علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات؛ اپوزیشن لیڈر سینیٹ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

حوزہ/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت الله حافظ سید ریاض حسین نجفی نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی؛ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور ملی اتحاد کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت الله حافظ سید ریاض حسین نجفی نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی؛ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور ملی اتحاد کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

انہوں نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی؛ ملاقات میں ناظم اعلیٰ حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر علامہ مرید حسین نقوی، ڈاکٹر سید محمد نجفی اور مولانا لعل حسین خان توحیدی بھی موجود تھے۔

آیت الله سید حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ سیاسی حوالے سے قائد حزب اختلاف کا منصب مجلس وحدت مسلمین کے لیے بحیثیتِ جماعت اور خود علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے لیے بڑا اعزاز ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ ایوان بالا میں پاکستان کے عوام کی نمائندگی، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے اپنی بھر پور صلاحیتوں کا استعمال کریں گے۔

آیت الله حافظ ریاض نجفی نے علامہ راجہ ناصر عباس کو بہتر حکمت عملی کے ساتھ تمام سیاسی رہنماوں اور حکومت سے بہتر رابطے کی بھی نصیحت کی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اہم پارلیمانی ذمہ داری آپ کے سپرد کی ہے، جو آپ کی سیاسی بصیرت اور جمہوری جدوجہد پر اعتماد کا اظہار ہے۔ یقیناً آپ ایوان بالا میں اپوزیشن کے قائد کی حیثیت سے آئینی تقاضوں، جمہوری اقدار اور عوامی مفادات کے تحفظ میں موثر کردار ادا کریں گے۔خاص طور پر قانون سازی کے مراحل میں آپ مثبت سمت آگے بڑھیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو بھاری ذمہ داری کی سر انجام دہی میں کامیابی، استقامت اور بصیرت عطا فرمائے اور آپ کی کاوشوں کو ملک و ملت کے لیے مفید بنائے۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے آیت الله سید حافظ ریاض حسین نجفی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی قابلِ قدر ہے۔ ان شاءاللہ بھر پور کردار ادا کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha