حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان پر صہیونی حکومت کی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ روسی خبر رساں ادارے ریانووستی (RIA Novosti) کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز صرف 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج نے لبنان کے مختلف علاقوں پر 64 فضائی، ڈرون اور توپ خانے کے حملے کیے۔
لبنانی فوج کے ایک ذمہ دار عہدیدار نے پیر کے روز ریانووستی کو بتایا کہ گزشتہ ایک دن کے دوران اسرائیل کی جانب سے لبنان پر مجموعی طور پر 64 حملے ریکارڈ کیے گئے، جن میں 36 فضائی حملے، 11 ڈرون حملے اور 17 توپ خانے کی گولہ باری شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان حملوں کا زیادہ تر رخ جنوبی لبنان کے علاقوں نبطیہ، صور، کفر رمان، کفرکلا، بنت جبیل اور سرحدی علاقوں کی جانب تھا، جہاں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
ریانووستی نے مزید بتایا کہ اسرائیلی حملے صرف جنوبی لبنان تک محدود نہیں رہے بلکہ وادی بقاع اور بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں میں بھی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ جنگ بندی کے باوجود صہیونی حکومت مسلسل لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے اور مختلف علاقوں پر فضائی و زمینی حملے جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے باعث خطے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھتی جا رہی ہے۔









آپ کا تبصرہ