ہفتہ 20 جون 2026 - 10:25
بلوچستان؛ شیعہ سنی علماء کی پریس کانفرنس: محرم الحرام بھائی چارگی، یکجہتی اور قربانی کا درس دیتا ہے

حوزہ/بلوچستان پاکستان کے علمائے کرام نے محرم الحرام کے سلسلے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم امام حسین (ع) کی شہادت کی لازوال قربانی کی یاد دلاتا ہے کہ ہم نے آپس میں صبر تحمل، بردباری، بھائی چارگی اور یکجہتی سے متحد ہوکر اپنے دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بلوچستان کے جید شیعہ اور سنی علمائے کرام علامہ سید ہاشم موسوی، ڈاکٹر عطاء الرحمٰن، مولانا حبیب اللہ شاہ چشتی، قاری عبدالرحمٰن نورزئی، علامہ علی حسنین حسینی اور بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر عاشق حسین نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں بھائی چارگی، محبت اور یکجہتی سمیت قربانی کا درس دیتا ہے۔ ہمیں ایسے اقدامات اٹھانے چاہئیں کہ جن سے نفرتوں اور کدورتوں کا خاتمہ ممکن بناکر آپس میں باہمی رواداری کے ساتھ رہ سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مسلمانوں کی دشمن قوتیں ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلا کر مملکت خداداد کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، لیکن دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں کی طرح بلوچستان کے جید سنی اور شعیہ علماء کرام نے ہمیشہ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر اتحاد بین المسلمین کا درس دیا ہے، تاکہ صوبے میں امن کے قیام کو مضبوط بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن قوتوں نے ہمیشہ اپنے مذموم عزائم کو پورا کرنے کے لئے نفرت کا بیج بویا ہے، ہم نے دین اسلام کی بقاء اور آپس میں یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے عملی کردار ادا کیا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کسی صورت بھی مسلمانوں اور مسلم ممالک کے ساتھ مخلص نہیں ہوسکتے۔ استعماری قوتوں نے ہمیشہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے اپنے گھنائونے کھیل کھیلے ہیں، جنہیں ہم نے متحد ہوکر ناکام بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ محرم حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کی لازوال قربانی کی یاد دلاتا ہے کہ ہم نے آپس میں صبر تحمل، بردباری، بھائی چارگی اور یکجہتی سے متحد ہوکر اپنے دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہے۔ کیونکہ یہود و نصاریٰ کبھی بھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے۔ ہم نے آپس کے گروہی اور ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اجتماعی مفاد کے لئے کام کرنا ہے، تاکہ پاکستان اور بلوچستان امن کو مضبوط بنایا جاسکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha