تحریر: مولانا سید عباس رضا عابدی
حوزہ نیوز ایجنسی | اربعینِ حضرت امام حسین علیہ السلام صرف ایک تاریخی یا مذہبی مناسبت کا نام نہیں، بلکہ یہ ایمان، وفا، ایثار اور استقامت کے اس ابدی پیغام کی تجدید ہے جسے سیدالشہداءؑ نے میدانِ کربلا میں اپنے خونِ مقدس سے رقم فرمایا۔ یہ دن ہر صاحبِ ایمان کو اس حقیقت کی یاد دلاتا ہے کہ واقعۂ کربلا محض ماضی کا ایک باب نہیں، بلکہ ہر دور میں حق و باطل کے درمیان جاری رہنے والی جدوجہد کا زندہ عنوان ہے۔
درحقیقت اربعینِ حسینی، حضرت بقیۃ اللہ الاعظم، امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے تجدیدِ بیعت، تجدیدِ وفا اور تجدیدِ عہد کا عظیم دن ہے۔ زائرانِ اربعین جب عشق و عقیدت کے ساتھ بارگاہِ سیدالشہداءؑ میں حاضر ہوتے ہیں تو وہ زبانِ حال اور زبانِ قال دونوں سے اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ جس مقصد کے لیے امام حسینؑ نے اپنی جان، اپنے اہلِ بیتؑ اور اپنے اصحاب کی بے مثال قربانیاں پیش کیں، وہ اسی راہ پر ثابت قدم رہیں گے اور امامِ وقتؑ کے ظہور اور نصرت کے لیے ہر قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
اربعین کا پیغام یہ ہے کہ کربلا صرف اشک و ماتم کا عنوان نہیں، بلکہ شعور و بیداری، بصیرت و استقامت، اطاعت و ولایت، وفا و فداکاری، اور عدل و حریت کی دائمی درسگاہ ہے۔ یہی وہ پیغام ہے جو امتِ مسلمہ کو امامِ عصرؑ کے گرد متحد ہونے، ظلم و طاغوت کے خلاف ڈٹ جانے اور عدلِ الٰہی کے قیام کے لیے ہر لمحہ آمادہ رہنے کی دعوت دیتا ہے۔
آج دنیا کے مختلف ممالک سے کروڑوں عاشقانِ اہلِ بیتؑ کا کربلائے معلیٰ کی جانب پیدل سفر اس امر کا زندہ ثبوت ہے کہ امام حسینؑ کی تحریک زندہ ہے، ان کا پیغام جاوداں ہے، اور ان کے حقیقی وارث حضرت امام مہدیؑ کی عالمی حکومت کے لیے دلوں میں امید، زبانوں پر دعا اور اعمال میں وفاداری کا جذبہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔
اربعینِ حسینی ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہر مؤمن اپنے دل، اپنی زبان اور اپنے عمل سے یہ اعلان کرے کہ ہم امام حسینؑ کے راستے کے مسافر، ان کے مقصد کے محافظ، اور امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے وفادار سپاہی ہیں۔ یہی اربعین کا حقیقی فلسفہ، یہی کربلا کا زندہ پیغام، اور یہی انتظارِ فرج کا عملی تقاضا ہے۔
اربعینِ حسینیؑ درحقیقت امامِ زمانہؑ سے تجدیدِ بیعت، تجدیدِ اطاعت، تجدیدِ نصرت اور تجدیدِ وفا کا عالمگیر اعلان ہے۔
خادم الرضا
سید عباس رضا عابدی
مقیم مشھد مقدس ایران









آپ کا تبصرہ