ہفتہ 10 اکتوبر 2026 - 17:25
ہندوستانی سفیر وشویش نیگی کا دورۂ قم المقدسہ؛ طلاب سے ملاقات و گفتگو

حوزہ/ تہران میں ہندوستان کے سفیر وشویش نیگی نے کہا ہے کہ قم المقدسہ میں زیرِ تعلیم ہندوستانی طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ کے حالات سے آگاہی حاصل کرنا اور ان کے مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچانا ان کے دورۂ قم کا بنیادی مقصد ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران میں ہندوستان کے سفیر وشویش نیگی نے اپنے وفد کے ہمراہ قم المقدسہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہندوستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے تعلیمی و روزمرہ مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی زیارت بھی کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے وشویش نیگی نے کہا کہ ان کے قم المقدسہ آنے کا بنیادی مقصد یہاں زیرِ تعلیم ہندوستانی طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرنا، ان کے حالات کو سمجھنا اور ان کی ضروریات سے آگاہ ہونا ہے۔ قم المقدسہ کا یہ ان کا پہلا دورہ ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ طلبہ کے ساتھ مسلسل رابطے کا ایک مضبوط سلسلہ قائم ہو۔

ہندوستانی سفیر وشویش نیگی کا دورۂ قم المقدسہ؛ طلاب سے ملاقات و گفتگو

انہوں نے گزشتہ سال جنگ کے دوران ہندوستانی طلبہ کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے، ان کے حالات معلوم کرنے اور ان کے انخلا سمیت ضروری امداد کی فراہمی کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تجربے سے یہ بات واضح ہوئی کہ طلبہ کے ساتھ مستقل رابطہ ہندوستان اور ایران کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

ہندوستانی سفیر نے بتایا کہ ان کی جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے سربراہ سے ملاقات بھی طے ہے، جس میں وہ ہندوستانی طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل، مطالبات اور تجاویز کو متعلقہ حکام کے سامنے رکھیں گے، تاکہ ان پر سنجیدگی سے غور کیا جا سکے اور ممکنہ حل تلاش کیے جا سکیں۔

وشویش نیگی نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا دورۂ قم محض ایک رسمی ملاقات تک محدود نہیں ہے، بلکہ وہ ہندوستانی طلبہ کے ساتھ رابطے کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق، قم اور ہندوستان کے درمیان دینی، علمی اور تعلیمی میدانوں میں دیرینہ تعلقات قائم ہیں اور ہندوستانی طلبہ ایک طویل عرصے سے یہاں دینی علوم حاصل کر رہے ہیں۔

ہندوستانی سفیر وشویش نیگی کا دورۂ قم المقدسہ؛ طلاب سے ملاقات و گفتگو

انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں اپنے قیام کے دوران انہوں نے محسوس کیا ہے کہ یہاں کے لوگوں کے دلوں میں ہندوستان کے لیے محبت اور خلوص پایا جاتا ہے اور وہ ہندوستان کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔ قم المقدسہ بھی ہندوستان اور ایران کے درمیان دینی علوم اور علمی و تعلیمی روابط کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی طلبہ کی فلاح و بہبود، ان کے مسائل کی نشاندہی اور ان کی آواز متعلقہ حکام تک پہنچانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے طلبہ کے مسائل کے حل کی راہ ہموار ہو۔

وشویش نیگی نے آخر میں کہا کہ وہ اس رابطے کو ایک بار کے دورے تک محدود نہیں رکھنا چاہتے۔ اگر مستقبل میں وہ خود قم المقدسہ نہیں آ سکے تو ہندوستانی سفارت خانے کے سینئر افسران اس سلسلے کو آگے بڑھاتے رہیں گے، تاکہ ہندوستانی طلبہ کے ساتھ رابطہ برقرار رہے اور ان کی ضروریات پر مسلسل توجہ دی جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha