حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وطن عزیز پاکستان بالخصوص یورپ میں تعلیماتِ قرآن کریم کے فروغ اور سیرتِ ائمہ اطہار علیہم السلام کی ترویج و اشاعت کے لیے زندگی بھر سرگرم عمل رہنے والے ممتاز عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ملک ظفر عباس (رہ) کی پہلی برسی جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
اس موقع پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد مرحوم کی دینی، علمی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔

ریفرنس سے مولانا انیس الحسنین خان اور مرحوم کے فرزند مولانا علی عباس نے اظہارِ خیال کیا جبکہ استاد العلماء آقائے شیخ محمد شفا نجفی اور علامہ شیخ انور علی نجفی نے کلیدی خطابات کیے۔

مقررین نے علامہ ملک ظفر عباس (رہ) کی علمی و دینی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی زندگی، طرزِ عمل اور دینی خدمات کو محسنِ ملت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی (رہ) کے اندازِ زندگی اور اسلوبِ کار کا آئینہ دار قرار دیا۔

انہوں نے کہا: مرحوم نے تعلیماتِ قرآن کریم اور سیرتِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج و اشاعت کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی اور ان کی خدمات دینی و علمی حلقوں میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
تقریب کے اختتام پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مختصر خطاب کیا اور دعائیہ کلمات کے ذریعے شرکاء کو نوازا۔

قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام میں نظامت کے فرائض علامہ نقاش الحسنین نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ تعزیتی ریفرنس میں اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور دیگر قریبی و دور دراز علاقوں سے علمائے کرام اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مرحوم کی دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔










آپ کا تبصرہ