پیر 12 اکتوبر 2026 - 16:15
دہشت گردی، فرقہ واریت اور تکفیریت خارجیت کی مختلف شکلیں ہیں، ان کا خاتمہ قومی ضرورت ہے، علامہ سید جواد نقوی

حوزہ/ تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ پاکستان کے سربراہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان پر مسلط دہشت گردی ہماری اپنی جنگ ہے اور پوری قوم کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ دہشت گردی، فرقہ واریت اور تکفیریت الگ الگ مسائل نہیں، بلکہ خارجیت کی مختلف شکلیں ہیں، جن کا خاتمہ ملک میں امن کے قیام اور پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ پاکستان کے سربراہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان پر مسلط دہشت گردی ہماری اپنی جنگ ہے اور پوری قوم کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ دہشت گردی، فرقہ واریت اور تکفیریت الگ الگ مسائل نہیں، بلکہ خارجیت کی مختلف شکلیں ہیں، جن کا خاتمہ ملک میں امن کے قیام اور پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو ریاست اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، تاہم عوام کا کردار بندوق اٹھانا نہیں بلکہ اخلاقی، نظریاتی، فکری، تبلیغاتی اور تحقیقی محاذوں پر تعاون کرنا ہے۔ دہشت گردی کی نرسریوں، اس کے فکری اسباب اور اس کی حمایت کرنے والے عناصر کی نشاندہی ضروری ہے تاکہ اس فتنے کا مؤثر خاتمہ کیا جا سکے۔

علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف بندوق کی جنگ نہیں، بلکہ بیانیے کی جنگ (نیریٹو وار) بھی ہے۔ اس محاذ پر فوج اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ میڈیا، مذہبی طبقات، جامعات، اساتذہ، محققین، دانشوروں، شاعروں اور ادیبوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف ریاستی مؤقف کو علمی، فکری اور تحقیقی بنیادوں پر مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت رسمی کمیٹیوں پر انحصار کرنے کے بجائے ایسے سنجیدہ، باصلاحیت اور مؤثر اہلِ فکر کو آگے لائے جو مطالعے، تحقیق، دلیل اور واضح مؤقف کے ذریعے عوام کی فکری رہنمائی کر سکیں۔ ان شخصیات کو اعتماد، احترام اور عملی مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ دہشت گردی کے خلاف ایک مؤثر قومی بیانیہ تشکیل دیا جا سکے۔

علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی اقدامات کے ساتھ فکری اور نظریاتی محاذ پر بھی بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی۔ پوری قوم کو متحد ہو کر اس قومی ذمہ داری میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے تاکہ ملک میں امن و استحکام قائم ہو اور پاکستان ترقی کی راہ پر آگے بڑھ سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha