حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کی سپریم کونسل کے رکن آیت اللہ محسن اراکی نے ایک بیان میں بحرین کے علماء اور دانشوروں کے خلاف جاری کیے گئے احکامات پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحرین کے حکمرانوں نے بڑی تعداد میں اہم شخصیات اور ممتاز علما کے خلاف ظالمانہ فیصلے صادر کیے ہیں، جن میں ایسے علما بھی شامل ہیں جو تقویٰ، پرہیزگاری، وطن سے محبت اور عوام کے مفادات کے تحفظ کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
آیت اللہ اراکی نے کہا کہ اس طرح کے فیصلے حکومت اور پوری بحرینی قوم کے درمیان ایک خطرناک تصادم کا راستہ ہموار کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق، اس صورت حال کے نتیجے میں ملک کے مصلحین اور آزادی پسند افراد حکومت کے ساتھ بنیادی نوعیت کی محاذ آرائی پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس کشیدگی کا خاتمہ اسی وقت ممکن ہوگا جب بحرین میں استبدادی نظام ختم ہو، عوام کو آزادی، خودمختاری اور انصاف کے ساتھ محفوظ زندگی گزارنے کا موقع ملے اور ملک میں ترقی و خوش حالی کی راہ ہموار ہو۔
آیت اللہ اراکی نے بحرین کے حکمرانوں پر زور دیا کہ حالات مزید خراب ہونے سے پہلے عوام کے مطالبات تسلیم کریں اور ملک کے خیرخواہ علما کے مشوروں پر توجہ دیں۔ انہوں نے بالخصوص بحرین کے ممتاز دینی رہنما آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم کی نصیحتوں کو سننے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ اللہ تعالیٰ یقیناً ظالموں اور مستبد حکمرانوں کی گرفت کرنے والا ہے۔










آپ کا تبصرہ