حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ میں اسرائیلی حملوں کے دوران فلسطینی صحافیوں کو صرف رپورٹنگ کے دوران ہی نہیں بلکہ اپنے گھروں اور اہل خانہ کے ساتھ بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایک تازہ رپورٹ کے مطابق غزہ میں شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد دو عالمی جنگوں سمیت کئی بڑی تاریخی جنگوں میں ہلاک ہونے والے صحافیوں کی مجموعی تعداد سے بھی تجاوز کرچکی ہے، جس کے باعث غزہ صحافیوں کے لیے تاریخ کا مہلک ترین میدانِ جنگ بن گیا ہے۔
روزنامہ ’’فلسطین کرونیکل‘‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں غزہ میں صحافیوں کو درپیش خطرات، ان کے قتل اور مغربی ذرائع ابلاغ کے طرزِ عمل کا جائزہ لیا ہے۔ رپورٹ میں براؤن یونیورسٹی کی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ غزہ میں شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد دو عالمی جنگوں، کوریا، ویتنام اور افغانستان کی جنگوں میں ہلاک ہونے والے صحافیوں کی مجموعی تعداد سے زیادہ ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2023 سے اکتوبر 2026 کے درمیان 150 فلسطینی صحافیوں کے گھر بھی تباہ کیے جاچکے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملوں کا دائرہ صرف صحافیوں کے پیشہ ورانہ مراکز تک محدود نہیں رہا بلکہ ان کے گھروں اور خاندانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ میں متعدد صحافیوں کی شہادت کا ذکر کیا گیا ہے۔ فلسطینی خاتون فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ اپنے گھر پر بمباری کے نتیجے میں خاندان کے پانچ افراد کے ساتھ شہید ہوئیں۔ اسی طرح الجزیرہ کے کیمرہ مین سامر ابو دقہ خان یونس میں ایک اسکول پر بمباری کی رپورٹنگ کے دوران زخمی ہوئے، تاہم ایمبولینسوں کی ان تک رسائی نہ ہونے کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکے۔
اگست 2025 میں خان یونس کے ناصر اسپتال کے قریب صحافیوں کو نشانہ بنانے والے ایک حملے میں رائٹرز کے فوٹو جرنلسٹ حسام المصری سمیت پانچ صحافی اور متعدد امدادی کارکن و طبی اہلکار بھی شہید ہوئے۔
رپورٹ میں اسرائیلی جریدے ’’972+‘‘ کی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج میں ایک خصوصی شعبہ فلسطینی صحافیوں کے خلاف معلومات جمع کرنے اور انہیں حماس سے وابستہ ظاہر کرنے کے لیے کام کرتا ہے، تاکہ ان کے خلاف کارروائیوں کو عالمی سطح پر درست ثابت کیا جاسکے۔ اس سلسلے میں الجزیرہ کے صحافی انس الشریف کا معاملہ بھی پیش کیا گیا ہے، جنہیں اسرائیلی فوج نے حماس سے وابستہ قرار دیا تھا۔ اگست 2025 میں الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے اندر قائم پریس کیمپ پر حملے میں انس الشریف اور ان کے پانچ ساتھی شہید ہوگئے تھے۔
رپورٹ میں بعض مغربی ذرائع ابلاغ کے دوہرے معیار پر بھی تنقید کی گئی ہے۔ اس کے مطابق نیویارک ٹائمز اور سی این این جیسے اداروں کی داخلی پالیسیوں میں ’’نسل کشی‘‘ جیسی اصطلاحات کے استعمال پر پابندیوں یا سخت شرائط کا ذکر کیا گیا ہے۔ امریکی تنظیم FAIR کی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مغربی میڈیا میں اسرائیلی مؤقف کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، جبکہ فلسطینی ذرائع اور ان کی خبروں کو اکثر شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
رپورٹ میں پیش کیے گئے ایک میڈیا تقابلی جائزے کے مطابق، جنگ کے ابتدائی 100 دنوں میں غزہ میں 77 صحافیوں کی شہادت کا ذکر مغربی ذرائع ابلاغ میں تقریباً 198 مرتبہ کیا گیا، جبکہ اسی عرصے میں یوکرین میں آٹھ صحافیوں کی شہادت کی خبریں تقریباً 196 مرتبہ نشر ہوئیں۔
ان تمام خطرات کے باوجود فلسطینی صحافی غزہ کی صورت حال دنیا تک پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان میں بیسان عودہ، ہند خضری، ہانی محمود، طارق ابو عزوم، مرام حمید اور انس بابا سمیت متعدد صحافی شامل ہیں، جو اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر غزہ میں جاری تباہی اور انسانی بحران کی رپورٹنگ کررہے ہیں۔










آپ کا تبصرہ