بدھ 25 نومبر 2026 - 13:34
آیت اللہ العظمیٰ وحید (رہ) فقاہت اور تواضع کے بلند ترین مقام پر فائز تھے، حجت الاسلام والمسلمین مؤمنی

حوزہ / آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی کی جانب سے مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کی رحلت کے ساتویں شب کی مناسبت سے تعزیتی مجلس منعقد ہوئی۔ جس میں آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے بھی شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یہ مجلس عزا منگل کی شب 24 نومبر 2026ء کو نماز مغرب و عشاء کے بعد مسجد اعظم قم میں منعقد ہوئی۔ اس مجلس سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین مؤمنی نے مرحوم مرجع تقلید کو فقاہت اور تواضع کے بلند ترین مقام پر فائز شخصیت قرار دیا۔

اس مجلس میں حوزہ علمیہ کی ممتاز شخصیات، مراجع تقلید کے دفاتر کے نمائندوں، دفتر رہبر معظم کے ارکان، مجلس خبرگان رہبری کے اراکین، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم، شورای عالی حوزہ علمیہ اور شورای نگہبان کے نمائندوں، علما و فضلا، ملکی و صوبائی حکام، فوجی و انتظامی کمانڈرز، اراکین پارلیمنٹ اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے مؤمنین اور سوگواروں نے شرکت کی۔

حجت الاسلام والمسلمین سید حسین مؤمنی نے اس مجلس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے زمانۂ شاگردی کی بعض یادیں بیان کیں اور مرحوم آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کے طرزِ زندگی، علمی روش اور اہل بیت علیہم السلام کی مجالسِ عزا سے ان کی خصوصی وابستگی پر روشنی ڈالی۔

مرحوم مرجع تقلید (رہ) فقاہت اور تواضع کے بلند ترین مقام پر فائز شخصیت تھے، حجت الاسلام والمسلمین مؤمنی

انہوں نے اپنے خطاب کے آغاز میں کہا: کسی بھی امر میں درست منصوبہ بندی، نظم و ضبط کی بنیاد ہے اور نظم و ضبط انسان کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے مضبوط ارادہ فراہم کرتا ہے۔ تاہم انسان کو منصوبہ بندی کے ساتھ ایک نمونۂ عمل کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

حوزہ علمیہ قم کے اس استاد نے مزید کہا: معصومین علیہم السلام کے بعد ان علما کی سیرت سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے جنہوں نے اہل بیت علیہم السلام کے راستے پر قدم رکھا، اس راہ میں ثابت قدم رہے اور جن کے کردار میں غیر خدا سے وابستگی کا کوئی نشان نہیں تھا۔

حجت الاسلام والمسلمین مؤمنی نے مرحوم آخوند خراسانی (رہ) کے علمی مقام کا ذکر کرتے ہوئے کہا: عام طور پر انہیں ان کی معروف کتاب کفایہ کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔ یہ ایک مضبوط اور سنگین علمی کتاب ہے جس کا مطالعہ طلاب کو پیچیدہ متون اور روایات سمجھنے کی صلاحیت عطا کرتا ہے۔ تاہم اگر ہم یہ جاننا چاہیں کہ اس عظیم عالم کی علمی میراث کیوں باقی ہے تو ہمیں ان کے اخلاق و معنوی سیرت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ انسان کے اعمال کو پائیداری عطا کرنے والی چیز اخلاص اور رضائے الٰہی کے لیے کام کرنا ہے۔

مرحوم مرجع تقلید (رہ) فقاہت اور تواضع کے بلند ترین مقام پر فائز شخصیت تھے، حجت الاسلام والمسلمین مؤمنی

انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کی شخصیت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: اس مرجع تقلید کا علمی مقام اہل حوزہ کے نزدیک مسلّم تھا لیکن ان کے شاگردوں نے ان کی علمی صلاحیتوں کے ساتھ خدا کی بندگی، نظم و ضبط، منصوبہ بندی اور مسلسل جدوجہد کا بھی مشاہدہ کیا۔ وہ اپنی زندگی کا کوئی لمحہ بھی بے مقصد ضائع نہیں ہونے دیتے تھے۔

حجت الاسلام والمسلمین مؤمنی نے بتایا کہ وہ تقریباً دس سے گیارہ سال تک مسجد اعظم قم میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کے درس میں شریک ہوتے رہے۔ انہوں نے اپنے بھائی اور بھانجوں کو آیت اللہ وحید خراسانی (رہ) کے ہاتھوں لباسِ روحانیت زیب تن کرنے کا واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا: اس موقع پر مرحوم مرجع تقلید نے انہیں نصیحت کی تھی: «کاری کنید که به چشم حجت بن الحسن (عج) بیایید» یعنی: ’’ایسا کردار اختیار کرو کہ حضرت امام حجت بن الحسن (عج) کی نگاہِ عنایت میں آجاؤ۔‘‘

انہوں نے کہا: یہ نصیحت خود مرحوم مرجع کی عملی زندگی سے مطابقت رکھتی تھی کیونکہ وہ کبھی اس کوشش میں نہیں رہتے تھے کہ ان کے اعمال دوسروں کی نگاہوں میں نمایاں ہوں۔

انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کی تدفین کے مقام کو بھی ان کی اسی تواضع اور روحانی کیفیت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا: مرحوم مرجع تقلید کی خواہش تھی کہ انہیں امام رضا علیہ السلام کے قدموں میں دفن کیا جائے۔ آج ان کی قبر حرم مطہر کے مردانہ حصے میں واقع نہیں ہے، تاہم ان کے لیے اہم بات یہی تھی کہ انہیں امام رضا علیہ السلام کے قدموں میں جگہ ملے۔

مرحوم مرجع تقلید (رہ) فقاہت اور تواضع کے بلند ترین مقام پر فائز شخصیت تھے، حجت الاسلام والمسلمین مؤمنی

حجت الاسلام والمسلمین مؤمنی نے مزید کہا: آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کی امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف سے وابستگی محض خطابات اور مذہبی مناسبتوں تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ بارہا اپنے شاگردوں کو نصیحت کرتے تھے کہ "علمی مطالب کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے قرآن کریم کی تلاوت کریں اور اس کا ثواب حضرت حجت (عج) کی بارگاہ میں ہدیہ کریں۔" وہ اس نصیحت کے ساتھ علمی جدوجہد، مطالعہ اور باریک بینی پر بھی زور دیتے تھے، جن کی خود اپنی زندگی میں پابندی کرتے تھے۔

واضح رہے کہ آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی کی جانب سے بھی آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کی یاد میں جمعہ کے روز نماز مغرب و عشاء کے بعد ان کے دفتر میں تعزیتی مجلس منعقد ہو گی، جو قم، خیابان صفائیہ، کوچہ 19 میں واقع ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha