جمعرات 26 نومبر 2026 - 16:43
سیرتِ جناب ام البنینؑ پیکرِ ادب کا نمونہ: مولانا سید مراد رضا رضوی

حوزہ/درگاہ باب الحوائج چمروڈنڈیا میں ۱۳ جمادی الثانی کو مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر فرخ نقوی نے جناب ام البنینؑ کی شان میں مرثیہ پیش کیا، جبکہ اعجاز الہ آبادی نے منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ عزاء سے حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید مراد رضا رضوی نے خطاب کرتے ہوئے جناب ام البنینؑ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جناب ام البنینؑ کی ہمہ جہت اور گہری شخصیت کے پس منظر میں دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے ان کی عقیدت، ادب اور بے پناہ احترام کا بنیادی کردار تھا۔

محبانِ ام الائمہ علیہم السلام کے سربراہ نے کہا کہ ادب کی دولت کے حصول کے لیے مسلمان ہونا شرط نہیں؛ غیر مسلم بھی صاحبِ ادب ہو سکتا ہے اور مسلمان بھی بے ادب ہو سکتا ہے۔ فرعون کے جادوگر کافر تھے، لیکن صاحبِ ادب تھے۔ انہوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے عرض کیا کہ پہلے آپ اپنا معجزہ پیش کریں گے یا ہم؟ ان کے اسی ادب نے انہیں فرعونیت سے نجات دلا کر مقامِ ولایت تک پہنچا دیا۔ اسی طرح ملکہ سبا بلقیس کافرہ تھی، لیکن حضرت سلیمان علیہ السلام کے سامنے اس نے ادب و احترام کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کریم میں اس موضوع پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ قرآن کا ادب کیا ہے اور قرآن میں ادب کے کیا نمونے بیان ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کو امام حسین علیہ السلام کے سامنے مجسمۂ ادب کے طور پر دیکھتی ہے، لیکن اس عظیم کردار کے پیچھے جناب ام البنینؑ کی تربیت کارفرما ہے۔ بالخصوص ادب و احترام کی یہ صفت انہیں ورثے میں ملی تھی۔

مولانا سید مراد رضا نے قبیلہ بنی کلاب کی تہذیبی و اخلاقی روایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ قبیلہ دورِ جاہلیت کی قبیح رسموں سے دور تھا۔ اس کے مرد شجاع، غیرت مند، باحیا اور شریف النفس تھے۔ وہ جنگوں میں دشمن کے مقتولین کی لاشوں کی بے حرمتی نہیں کرتے تھے، نہ ان کے جسموں کو مثلہ کرتے، نہ ان پر گھوڑے دوڑاتے اور نہ ہی ان کے لباس اتار کر انہیں بے لباس کرتے تھے۔ اس قبیلے کے خاندانوں میں حیا و شرافت کا یہ عالم تھا کہ ان کی کنواری لڑکیاں زیب و زینت کے لیے بھی اپنے بال نہیں سنوارتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسی معزز خاندان کی ایک فرد فاطمہ بنت حزام تھیں، جن کے رشتے کے لیے حضرت علی علیہ السلام کی جانب سے جب ان کی دو بہنوں سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ حضرت علی مرتضیٰ علیہ السلام سے ازدواج کے لیے ہمارے پاس کوئی لڑکی نہیں، البتہ کنیزی کے لیے ہماری لڑکی فاطمہ حاضر ہے، اگر آپ چاہیں تو اسے لے جا سکتے ہیں۔ ایسے باادب اور شریف گھرانے کی بیٹی جناب ام البنینؑ تھیں، جنہوں نے دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ادب و احترام میں اپنی ذات کو فنا کر دیا۔

مولانا نے کہا کہ جناب ام البنینؑ نے حضرت علی علیہ السلام سے درخواست کی تھی کہ انہیں فاطمہ کے نام سے نہ پکارا جائے، کیونکہ اس نام سے امام حسن، امام حسین اور حضرت زینب و ام کلثوم کو اپنی والدہ یاد آتی ہیں۔ اس پر حضرت علی علیہ السلام نے فرمایا: ’’بل انتِ ام البنین‘‘ (بلکہ آپ ام البنین ہیں)۔ اس طرح جناب ام البنینؑ نے دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے احترام میں اپنی شناخت تک قربان کر دی اور تاریخ میں فنا فی الادب کی ایک بے مثال مثال قائم کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعۂ کربلا کے بعد عزاداری کو مدینہ کی گلیوں اور شاہراہوں تک پہنچانے کی بنیاد رکھنے والی عظیم خاتون کا نام بھی جناب ام البنینؑ ہے۔

خطاب کے آخر مولانا سید مراد رضا نے نہایت رقت آمیز انداز میں جناب ام البنینؑ کے ادب و وفا کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اپنے چار بیٹوں کی شہادت کی خبر سن کر صبر کرنے والی اس عظیم ماں نے جب امام حسین علیہ السلام کی شہادت کی خبر سنی تو منہ کے بل زمین پر گر کر بے ہوش ہو گئیں۔ بعد ازاں آپؑ نے اس قدر گریہ کیا کہ رفتہ رفتہ بینائی سے محروم ہو گئیں۔ ایسی عظیم خاتون پوری دنیا کے لیے ادب و احترام کا عملی نمونہ ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha