حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما اور صوبائی صدر سندھ علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید اکبر شیرازی، مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ کے ضلعی صدر علامہ حاجی سیف علی ڈومکی وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری اللہ بخش سجادی کے ہمراہ گوٹھ دشتی، روجھان جمالی اور محبت شاخ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے تعلقہ صدر، شہزادو خان دشتی، مولانا شاہد عباس نجفی اور دیگر مقامی شخصیات و تنظیمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوران علامہ مقصود علی ڈومکی نے قرآن سینٹر کے طلبہ و طالبات کو درسِ قرآن دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں بیان کیے گئے انبیائے کرامؑ اور سابقہ اقوام کے واقعات محض تاریخی قصے نہیں بلکہ انسانوں کی تربیت، اخلاقی اصلاح اور ہدایت کا بہترین ذریعہ ہیں۔ قرآنی واقعات انسان کو اچھائی اور برائی، حق اور باطل کے درمیان فرق سمجھاتے ہیں اور زندگی گزارنے کا درست راستہ دکھاتے ہیں۔

انہوں نے بچوں کو حضرت آدم علیہ السلام کے دو فرزندوں ہابیل اور قابیل کا واقعہ سناتے ہوئے اخلاص، تقویٰ، حسد سے اجتناب اور اللہ تعالیٰ کے حضور اعمال کی قبولیت کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ قرآن مجید کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
بعد ازاں مومنین سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ زائرینِ کربلا کے لیے زمینی راستے کی بندش نے کروڑوں عاشقانِ اہل بیتؑ کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ انتہائی مشکل حالات اور بے شمار قربانیوں کے باوجود عاشقانِ امام حسین علیہ السلام نے ہر دور میں سفرِ زیارت کے سلسلے کو برقرار رکھا ہے۔ زیارتِ امام حسینؑ محض ایک سفر نہیں بلکہ عشق اھل بیت، وفاداری، شعور اور تجدیدِ عہدِ ولایت کا مظہر ہے۔

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ لاکھوں زائرینِ کربلا کے مذہبی جذبات اور بنیادی حقوق کا احترام کرتے ہوئے تفتان بارڈر اور رمدان بارڈر کے زمینی سرحدی راستے کھولے جائیں، تاکہ بذریعہ سڑک سفر کرنے والے زائرین فرزندِ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور امامِ ہشتم حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ ہائے مبارک کی زیارت سے مشرف ہو سکیں۔ زائرین کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حکومت ایک طرف سکھ یاتریوں کے لیے سہولیات کا اعلان کرتی ہے تو دوسری طرف زائرین کربلا کی راہ میں رکاوٹ ڈالتی ہے جو کہ انتہائی تکلیف دہ اور شرمناک رویہ ہے۔ انہوں نے حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ زائرین کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے ان کے لیے محفوظ، آسان اور باعزت سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔










آپ کا تبصرہ