حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ تاراگڑھ اجمیر حجۃالاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے خطبۂ جمعہ میں امام حسن عسکری علیہ السلام کے وصیت نامے کی شرح و تفسیر کے بیان کے بعد"حدیثِ کساء کے تربیتی نکات" پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ: حدیثِ کساء صرف ایک تاریخی واقعہ یا محفلوں میں پڑھا جانے والا تبرک نہیں ہے، بلکہ یہ خاندانی زندگی، اخلاقی تربیت اور روحانی ارتقاء کا ایک مکمل منشور ہے، جب ہم حدیث کساء کے الفاظ پر غور کرتے ہیں تو ہمیں خمسۂ نجباء یعنی پنجتنِ پاک علیہم السلام کی سیرت سے زندگی گزارنے کے سنہری اصول ملتے ہیں۔
پہلا سبق یہ ہے کہ سلام میں پہل اور پرجوش استقبال کرنا، حدیث کساء کا آغاز ہی ادب و احترام کی انتہا سے ہوتا ہے، رسولِ خدا صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی بیٹی کے گھر تشریف لاتے ہیں اور فرماتے ہیں "اَلسَّلَامُ عَلَيْكِ يَا بِنْتَ رَسُولِ اللَّهِ فَقُلْتُ وَعَلَيْكَ السَّلَامُ يَا أَبَتَاهْ"، سلام ہو تم پر اے رسولِ خدا کی بیٹی، میں نے جواب دیا اور آپ پر بھی سلام ہو اے بابا جان، اس سے ہمیں چاہیے کہ گھر کی فضا کو جنت بنانے کے لیے سلام کو عام کریں اور اپنوں کا استقبال مسکراہٹ اور احترام سے کریں، رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں کہ"إنَّ أولَى الناسِ بِالله وبرسولِهِ مَن بَدَأ بِالسلام"، اللہ اور اس کے رسول ؐکے سب سے زیادہ قریب وہ شخص ہوتا ہے جو سلام سے ابتدا کرتا ہے، امیرالمؤمنین علی علیہ السلام نے فرمایا کہ"السلامُ سَبعونَ حَسَنةً،تِسعَةٌ وسِتُّونَ لِلمُبتَدي وواحِدَةٌ لِلرّادِّ"، سلام کی ستر نیکیاں ہیں، انہتر ابتدا کرنے والے کے لیے اور ایک جواب دینے والے کے لیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ: قرآن مجید سورۂ نور آیت 61 میں ارشاد ہوتا ہے کہ"فَاِذَا دَخَلۡتُمۡ بُیُوۡتًا فَسَلِّمُوۡا عَلٰۤی اَنۡفُسِکُمۡ تَحِیَّۃً مِّنۡ عِنۡدِ اللّٰہِ مُبٰرَکَۃً طَیِّبَۃً"، پس جب تم کسی گھرمیں داخل ہوجاؤ تو اپنے ایک دوسرے پرسلام کرو کہ خدا کی طرف سے بابرکت اورپاکیزہ تحفہ ہے، رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا"إذا دَخَلَ أحَدُكُم بَيتَهُ فَلْيُسَلِّمْ ؛ فإنَّهُ يَنزِلُهُ البَركَةُ ، وتُؤنِسُهُ الملائكةُ"، جب تم میں سے کوئی شخص اپنے گھر میں داخل ہو تو اسے سلام کرنا چاہیے، کیونکہ اس سے برکت نازل ہوتی ہے اور اس سے ملائکہ مانوس ہوتے ہیں۔
خطیب جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مھدی زیدی نے حدیث کساء کا دوسرا سبق شیریں کلامی اور محبت بھرے القاب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ: آج ہمارے گھروں میں تلخ کلامی نے سکون چھین لیا ہے، جب کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اپنے بچوں کا جواب سلام دیتے ہوئے پکارتی ہیں اور فرماتی ہیں"يَا قُرَّةَ عَيْنِي وَثَمَرَةَ فُؤَادِي"، اے میری آنکھوں کی ٹھنڈک اور میرے دل کے میوے، کتنے خوبصورت الفاظ ہیں! تربیت کا اصول یہ ہے کہ بچوں اور گھر والوں سے محبت اور عزت بھرے لہجے میں بات کی جائے، ذرا سوچیے! جس گھر میں ماں بچوں کو "دل کا میوہ" کہہ کر پکارے اور بیٹی باپ کو "بابا جان" کہہ کر مخاطب کرے، کیا اس گھر میں کبھی بدتمیزی، تلخی یا نفرت پنپ سکتی ہے؟ ہرگز نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ: خداوند تبارک و تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں اپنے بندوں کو گفتگو کا سلیقہ سکھاتے ہوئے سورۂ بقرہ آیت 83 میں ارشاد فرمایا کہ"وَقُولُوا لِلنَّاسِ حُسْنًا"، اور لوگوں سے اچھی اور پیاری بات کیا کرو، سورۂ بنی اسرائیل آیت 53 میں ارشاد ہوا کہ"وَقُلۡ لِّعِبَادِیۡ یَقُوۡلُوا الَّتِیۡ ہِیَ اَحۡسَنُ اِنَّ الشَّیۡطٰنَ یَنۡزَغُ بَیۡنَہُمۡ اِنَّ الشَّیۡطٰنَ کَانَ لِلۡاِنۡسَانِ عَدُوًّا مُّبِیۡنًا"، اور میرے بندوں سے کہدیجئے وہ بات کرو جو بہترین ہو کیونکہ شیطان ان میں فساد ڈلواتا ہے، بتحقیق شیطان انسان کا کھلا دشمن ہے۔
آیت کے اطلاق سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ ہر وقت، ہر موقع پر اور ہر شخص سے وہ بات کریں جو بہترین ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ: ماہرینِ تربیت اور احادیثِ اہلِ بیتؑ اس بات پر متفق ہیں کہ انسان کو جس لقب سے پکارا جائے، اس کی شخصیت ویسی ہی ڈھلنے لگتی ہے، اگر ہم بچوں کو ڈانٹ کر، برے ناموں یا طعنوں سے پکاریں گے تو ان میں ضد اور احساسِ کمتری پیدا ہوگی، اس کے برعکس، اگر ہم حضرت فاطمہ زہراؑ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے گھر والوں اور بچوں کو "میری جان"، "آنکھوں کی ٹھنڈک" اور عزت بھرے ناموں سے پکاریں تو ان کے اندر خود اعتمادی، ادب اور محبت پروان چڑھے گی، رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے برے القاب سے پکارنے سے سختی سے منع فرمایا ہے اور حکم دیا ہے کہ لوگوں کو ان ناموں سے پکارو جو انہیں سب سے زیادہ پسند ہوں۔
امام جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مھدی زیدی حدیث کساء کا تیسرا تربیتی سبق اجازت لینے کا ادب ذکر کرتے ہوئے کہا کہ: ذرا اس منظر پر غور کریں کہ امام حسنؑ، امام حسینؑ، حضرت علیؑ اور خود جنابِ سیدہؑ، چادر کے نیچے آنے سے پہلے باقاعدہ اجازت طلب کرتے ہیں"أَتَأْذَنُ لِي يَا رَسُولَ اللَّهِ أَنْ أَدْخُلَ مَعَكُمْ تَحْتَ الْكِسَاءِ؟"، اے اللہ کے رسولؐ! کیا آپ مجھے اجازت دیتے ہیں کہ میں بھی آپ کے ساتھ چادر میں داخل ہو جاؤں؟
انہوں نے مزید کہا کہ: قریبی رشتوں کے باوجود یہ ادب ہمیں سکھاتا ہے کہ گھر میں بھی نجی حدود اور بڑوں کی اجازت کا خیال رکھنا تہذیب کی علامت ہے، قرآن مجید کے سورۂ نور آیت 27 میں ارشاد ہے" یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا لَا تَدۡخُلُوۡا بُیُوۡتًا غَیۡرَ بُیُوۡتِکُمۡ حَتّٰی تَسۡتَاۡنِسُوۡا وَ تُسَلِّمُوۡا عَلٰۤی اَہۡلِہَا ذٰلِکُمۡ خَیۡرٌ لَّکُمۡ لَعَلَّکُمۡ تَذَکَّرُوۡنَ"، اے ایمان والو! اپنے گھروں کے علاوہ دوسروں کے گھروں میں داخل نہ ہونا جب تک اجازت نہ لے لو اور گھر والوں پر سلام نہ کر لو، یہ تمہارے لیے بہتر ہے شاید تم نصیحت حاصل کرو، بلا اجازت کسی کے گھر میں داخل ہونا احترام آدمیت کے خلاف ہے،
"غَیۡرَ بُیُوۡتِکُمۡ" اپنے گھروں کے علاوہ، اس میں اپنے گھر کے علاوہ سب کے گھر شامل ہیں، خواہ اس کے قریبی ترین رشتہ دار کیوں نہ ہوں، جیسے ماں باپ، بیٹا، بیٹی اور بھائی بہن، چنانچہ حدیث میں آیا ہے کہ رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ و آلہ وسلم اپنی بیٹی فاطمہ سلام اللہ علیہا کے گھر میں اجازت کے بغیر داخل نہیں ہوتے تھے، یہ آداب، یہ تہذیب خود ہمارے لیے بہتر ہے جس سے ہمارا پردہ اور ہمارے راز محفوظ رہتے ہیں اور ہماری گھر کی چاردیواری کی آزادی بھی متاثر نہیں ہوتی۔
امام جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مہدی زیدی نے صدیقہ طاہرہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ روح اللہ خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا: اگر کسی دن کو "یوم خواتین" اور "روز مادر" سے منسوب کرنا ہے تو شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت باسعادت سے بہتر موقع یا دن اور کیا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کا یوم ولادت اور ہماری ذمہ داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی عظیم شخصیت کی ولادت کا دن منانے کا تقاضا یہ ہے کہ اس کی سیرت کا مطالعہ کیا جائے اور پھر اس شخصیت کے گفتار و کردار کو اپنے عمل کا آیئنہ قرار دیا جائے، ۲۰ جمادی الثانی خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کا دن ہے، اس دن کو پوری دنیا نہ سہی، پورے عالم اسلام میں مسلمان خواتین کادن، بالخصوص "یوم مادر” کے طور پر منانا جانا چاہیے۔
امام جمعہ تاراگڑھ نے آج کے دور کے لیے چند اہم عملی تقاضے بیان کرتے ہوئے کہا کہ: یومِ مادر کو دائمی ادبِ مادر میں بدلیں، ماں کی قدر صرف ایک دن نہیں بلکہ ہر روز کریں، احادیث کی روشنی میں ماں کی خدمت، ادب اور خوشنودی کو اپنی سعادت سمجھیں، اور اس کے سامنے کبھی ایسا لہجہ یا انداز نہ اپنائیں جس سے اس کے دل کو تکلیف پہنچے۔
ماں کی دعا کو غنیمت جانیں، جن ماؤں کا سایہ سر پر موجود ہے، ان کی خدمت اور دعاؤں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، اور جو مائیں اس دنیا سے رخصت ہو چکی ہیں، وہ ماں کے لیے ایصالِ ثواب، صدقہ اور دعا کو اپنا معمول بنائیں۔
خطبہ کے اختتام پر مولانا سید نقی مھدی زیدی نے مظلوموں کی نصرت، امتِ مسلمہ میں بیداری و اتحاد، سیرتِ اہل بیت علیہم السلام پر عمل اور امام زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل اور ہمیں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے اپنی اولاد کی صحیح دینی و اخلاقی تربیت کرنے کی توفیق کے لئے دعا فرمائی۔










آپ کا تبصرہ