حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ ڈیفنس کراچی میں 16 جمادی الثانی 1448ھ، بمطابق 27 نومبر 2026ء کو حجت الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔ خطبہ جمعہ کے دوران انہوں نے اہل بیت علیہم السلام کی معرفت و عظمت، معاشرتی ذمہ داریوں، نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت، عالم اسلام کے حالات اور ملکی صورتحال سمیت مختلف اہم موضوعات پر گفتگو کی۔
انہوں نے خطبہ اول میں ایام ولادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے تقویٰ الٰہی اختیار کرنے کی تاکید کی اور کہا: کامیابی کا حقیقی راستہ اللہ تعالیٰ کی عظمت کا احساس، اس کا احترام اور اس کے احکام کی پیروی ہے۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اہل بیت علیہم السلام کی معرفت کے حوالے سے کہا: ہمیں اہل بیت علیہم السلام کی عظمت کو کسی دوسرے فرد یا شخصیت کے ساتھ تقابل کرکے بیان نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ایسا کرنے سے درحقیقت ان کے بلند مقام کو ایک محدود پیمانے میں لانے کی کوشش ہوتی ہے۔ اہل بیت علیہم السلام کا مقام و مرتبہ عام انسانی فہم اور تقابل سے کہیں بلند ہے۔ ہمیں ان کی معرفت اسی انداز سے حاصل کرنی چاہیے جس انداز سے اللہ تعالیٰ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کا تعارف کرایا ہے۔
خطیب جمعہ نے کائنات کی وسعتوں اور انسانی وجود میں موجود پیچیدہ نظام کی مثال دیتے ہوئے کہا: اللہ تعالیٰ کی عظمت کو سمجھنے کے لیے اس کی مخلوقات میں غور و فکر کرنا ضروری ہے۔ قرآن مجید سورۂ ملک میں آسمانوں کی تخلیق اور نظام کائنات کی بے عیب ساخت کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ کائنات کی وسعت، کہکشاؤں کی تعداد اور انسانی جسم کے پیچیدہ نظام پر غور کرنے سے انسان کو خالق کائنات کی عظمت کا احساس ہوتا ہے۔
علامہ شبیر میثمی نے کہا: جس ذات نے اس عظیم کائنات کو خلق کیا، اسی نے قرآن مجید نازل فرمایا، اسلام بھیجا اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خاتم الانبیاء و المرسلین قرار دیا۔ اسی ذات نے آیت تطہیر کے ذریعہ اہل بیت علیہم السلام کی طہارت و پاکیزگی کا اعلان فرمایا۔ یہ مقام و منزلت کسی انسانی دعوے کا نتیجہ نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے عطا کردہ ہے۔
انہوں نے آیت مودت اور واقعۂ مباہلہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: قرآن مجید میں اہل بیت علیہم السلام کی محبت اور ان کے مقام کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ واقعۂ مباہلہ میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اپنے اہل بیت علیہم السلام کو ساتھ لے کر جانا ان کی عظمت اور خصوصی مقام کی روشن دلیل ہے۔ اسی طرح قرآن مجید کی مختلف سورتوں اور آیات میں اہل بیت علیہم السلام کے مقام و منزلت کی نشان دہی کی گئی ہے۔
خطیب جمعہ نے کہا: اہل بیت علیہم السلام کی عظمت بیان کرنے کے لیے ہمیں اپنی طرف سے کوئی تعبیر گھڑنے کی ضرورت نہیں بلکہ قرآن مجید کی آیات اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو لوگوں کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔ امام زین العابدین علیہ السلام نے بھی شام میں قرآن مجید کی آیات کے ذریعہ اپنے خاندان کا تعارف کرایا اور اس انداز سے تبلیغ کی کہ مخالف ماحول میں بھی لوگوں کے اذہان تبدیل ہونے لگے۔
انہوں نے مزید کہا: ہمیں اہل بیت علیہم السلام کے بارے میں غلو سے بھی اجتناب کرنا چاہیے۔ ان کی عظمت و فضیلت بیان کرتے ہوئے ان کی بندگی، عبادت اور اللہ تعالیٰ کے حضور ان کی عاجزی کو بھی سامنے رکھنا ضروری ہے۔ اہل بیت علیہم السلام نے خود عبادت و بندگی کے ذریعہ انسانیت کو توحید کا راستہ دکھایا ہے۔ شفاعت بھی اللہ تعالیٰ کے اذن سے ہے اور جسے وہ اجازت عطا فرمائے، وہی اس مقام کا حامل ہوتا ہے۔
علامہ شبیر میثمی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے والدین کو اپنی بیٹیوں کے ساتھ محبت، شفقت اور حسن سلوک سے پیش آنے کی تاکید کی۔
خطیب جمعہ نے کہا: اپنی بیٹیوں کی بہترین تربیت کریں اور انہیں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا اور حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت سے روشناس کرائیں تاکہ آنے والی نسلیں اخلاقی اور دینی اعتبار سے مضبوط ہوں۔
انہوں نے اہل ایمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: اپنے مکتب اور چودہ معصومین علیہم السلام کی معرفت کو بہتر انداز میں حاصل کریں اور ان کی تعلیمات کو صحیح طریقے سے دوسروں تک پہنچائیں۔ نفرتوں کو ختم کرکے محبتوں کو فروغ دینا اور معاشرے میں اہل بیت علیہم السلام کی حقیقی تعلیمات عام کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
بحرین میں علماء اور ذاکرین کی سزاؤں پر تشویش
خطبہ ثانی میں علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ایام ولادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے اہل ایمان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا اور توسل کی اہمیت بیان کی اور تقویٰ الٰہی اختیار کرنے کی تاکید کی۔
خطیب جمعہ نے بحرین میں 69 علماء، ذاکرین اور نوحہ خوانوں کو سزائیں دیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا: مختلف مقامات پر بے گناہ شیعہ مومنین قید و مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اگر ہم ان کی عملی مدد کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں تو کم از کم ان کی رہائی، صحت و سلامتی اور مشکلات کے خاتمے کے لیے دعا ضرور کریں۔ یہ ہماری دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

بدعنوانی اور ناقص تعمیرات میں کسی قسم کی معاونت سے اجتناب کیا جائے
کراچی میں عمارت گرنے کے واقعہ اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ایسے واقعات معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ کسی بھی ایسے منصوبے، تعمیراتی کام یا دستاویز پر دستخط کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے جس میں بدعنوانی یا عوام کی جان و مال کے لیے خطرے کا اندیشہ ہو۔
خطیب جمعہ نے واضح کیا کہ فقہ جعفریہ کے پیروکار ہونے کے ناطے ہمیں اپنی شرعی ذمہ داریوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ کسی سڑک، پل یا عمارت کی تعمیر میں بدعنوانی کے نتیجے میں اگر کسی انسان کی جان چلی جائے تو اس کا جواب کون دے گا؟ دنیا کا مال و دولت آخرت کی جواب دہی سے نہیں بچا سکتا۔ اس لیے مالی مفادات کے لیے ایسے کاموں میں شریک نہ ہوں جن سے عوام کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو۔
نوجوان نسل کو سائبر اسپیس، مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دینے کی ضرورت ہے
علامہ شبیر میثمی نے جدید ٹیکنالوجی، سائبر حملوں اور مستقبل کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا: دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور ایئرلائنز، بینکنگ سسٹم سمیت مختلف شعبوں میں سائبر حملوں کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ ایسے حالات میں ہمیں اپنی نوجوان نسل کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہوگا۔
انہوں نے والدین اور تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ بچوں اور بچیوں کو سافٹ ویئر، ہارڈویئر اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں داخل کرائیں۔
خطیب جمعہ نے کہا: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ورچوئل یونیورسٹی جیسے اداروں کے ذریعہ روایتی ڈگریاں حاصل کرنے کے مواقع موجود ہیں لہٰذا نوجوان اپنا قیمتی وقت ضائع کرنے کے بجائے عملی مہارتوں پر توجہ دیں۔
انہوں نے خصوصی طور پر ایتھیکل ہیکنگ، سائبر سیکیورٹی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں تربیت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا: جو نوجوان ان شعبوں میں اعلیٰ مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں وظائف فراہم کیے جائیں۔ زہرا (س) اکیڈمی اور الفا ٹیک کے اشتراک سے بچوں اور بچیوں کو دی جانے والی تربیت کو بھی خطیب جمعہ نے قابلِ تحسین قرار دیا۔
ایران کے خلاف دباؤ اور خطے کی صورتحال؛ امت مسلمہ کو دعا اور یکجہتی کی ضرورت ہے
انہوں نے ایران کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: بعض قوتیں جنگ اور کشیدگی کو طول دے کر ایران پر دباؤ برقرار رکھنا چاہتی ہیں تاکہ اس کی مشکلات میں اضافہ کیا جا سکے۔ تاہم اسلامی نظام اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔
خطیب جمعہ نے کہا: ایران کے حوالے سے مسئلہ کو شیعہ سنی اختلاف کا رنگ نہیں دینا چاہیے۔ اسلام کی سربلندی اور مسلمانوں کے مفادات مشترک ہیں۔
انہوں نے اہل سنت بھائیوں کی جانب سے امریکہ کے مقابلے میں ایران کی مقاومت کی تعریف کا ذکر کرتے ہوئے کہا: یہ کسی فرقے کی کامیابی نہیں بلکہ اسلام کی استقامت اور سربلندی کا معاملہ ہے۔
علامہ شبیر میثمی نے فلسطین کے مظلوم عوام کا ذکر کرتے ہوئے عالم اسلام کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا: جب فلسطینی مرد، خواتین، بچے اور بزرگ ظلم و بربریت کا نشانہ بن رہے تھے تو مسلم دنیا کے مختلف حلقوں کی خاموشی قابلِ سوال تھی۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں اور اپنے دینی و انسانی فرائض کو فراموش نہ کریں۔
خطیب جمعہ نے چین، روس اور دیگر عالمی طاقتوں کے حوالے سے کہا: کسی عالمی قوت پر غیر مشروط بھروسہ کرنے کے بجائے ہمارا حقیقی اعتماد اللہ تعالیٰ کی ذات پر ہونا چاہیے۔ موجودہ حساس صورتحال میں اہل ایمان دعا، توسل اور زیارات کے ذریعہ اللہ تعالیٰ سے مدد طلب کریں۔ زیارت عاشورا، زیارت جامعہ اور زیارت وارثہ کی تلاوت کریں اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کریں، کیونکہ موجودہ حالات انتہائی حساس ہیں اور ان کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو سکتے ہیں۔
پاکستان میں مہنگائی اور عوامی مشکلات پر اظہار تشویش
ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا: پاکستان میں جاری سیاسی کشمکش اور محاذ آرائی سے عوام کو کیا فائدہ پہنچ رہا ہے؟ ملک میں مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور عام شہریوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا: اختلافات اور سیاسی سرگرمیوں کے باوجود عوامی مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ صاحبان اختیار کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔ جو افراد کسی بھی سطح پر مسائل کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انہیں اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔
خطیب جمعہ نے پاکستانی نوجوان ذیشان علی کے خلا میں جانے اور ایسٹروناٹ بننے کو ملک کے لیے باعث افتخار قرار دیتے ہوئے کہا: یہ ایک خوش آئند کامیابی ہے، تاہم صرف ایسی کامیابیوں یا کمپیوٹرز کی تقسیم کو کافی نہیں سمجھنا چاہیے۔ نوجوانوں کو جدید علوم، ٹیکنالوجی اور عملی مہارتوں کے میدان میں آگے بڑھانے کے لیے مستقل اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ہر انسان کے اعمال اور ان کے اثرات اللہ تعالیٰ کے ہاں محفوظ ہیں۔ قرآن مجید کے مطابق ذرہ برابر نیکی یا برائی بھی انسان کے سامنے آ جائے گی۔ لہٰذا ملکی وسائل، تعمیراتی منصوبوں اور عوامی مفادات سے متعلق ہر معاملے میں دیانت داری اور جواب دہی کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
غربت اور معاشرتی مشکلات کے شکار افراد کی مدد ہماری ذمہ داری ہے
علامہ شبیر میثمی نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی خودکشیوں، گھریلو پریشانیوں اور غربت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: عوامی مشکلات کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
خطیب جمعہ نے ایک ماں کی جانب سے اپنے بچوں کو قتل کرنے اور پھر خودکشی کرنے کے افسوس ناک واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ایسے واقعات ہمیں اپنی معاشرتی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہیں۔
انہوں نے اہل ایمان سے اپیل کی کہ اپنے اردگرد رہنے والے افراد، رشتہ داروں اور ضرورت مند خاندانوں کی خبرگیری کریں۔ اگر کوئی مشکل میں ہے تو اس کی مدد کریں اور کسی کو تنہا نہ چھوڑیں۔ انہوں نے ڈاکٹرز کو بھی نصیحت کی کہ مالی مفادات کی خاطر ایسا کوئی اقدام نہ کریں جس کی جواب دہی آخرت میں مشکل ہو جائے۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے آخر میں زور دیا کہ معاشرے کی اصلاح، عوامی مشکلات کے ازالے، نوجوان نسل کی تربیت اور دینی و اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے ہر شخص اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اہل ایمان کو تقویٰ، بصیرت اور خدمت خلق کی توفیق عطا فرمائے۔










آپ کا تبصرہ