اتوار 29 نومبر 2026 - 05:10
خواتین کے دینی مدارس معاشرے کے سماجی اور ثقافتی مرکز کیسے بن سکتے ہیں؟

حوزہ / معاشرے میں ثقافتی اور سماجی تبدیلیوں کا تقاضا ہے کہ خواتین کے حوزاتِ علمیہ کا کردار صرف طالبات کی تعلیم و تربیت تک محدود نہ رہے کیونکہ آج خواتین کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے اور ان مسائل و بحرانوں سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے کے لیے ایسے دینی اور ثقافتی مراکز کی ضرورت ہے جو ان کی رہنمائی اور معاونت کر سکیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزاتِ علمیہ دینی تعلیم و تربیت، اسلامی معارف کے فروغ اور معاشرے کی اعتقادی و ثقافتی ضروریات کا جواب دینے والے اہم ادارے ہیں۔ خواتین کے حوزاتِ علمیہ میں اس ذمہ داری کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے کیونکہ خواتین آنے والی نسلوں کی تربیت کی ذمہ داری بھی ادا کرتی ہیں۔

تاہم معاشرے میں رونما ہونے والی ثقافتی اور سماجی تبدیلیوں کا تقاضا ہے کہ خواتین کے حوزاتِ علمیہ کا کردار طالبات کی تعلیم و تربیت سے آگے بڑھے۔ آج خواتین کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ایسے دینی اور ثقافتی مراکز قائم ہوں جو ان مسائل اور بحرانوں سے کامیابی کے ساتھ گزرنے میں ان کی مدد کر سکیں۔

اس تناظر میں خواتین کے دینی مدارس اپنی علمی، تربیتی اور ثقافتی صلاحیتوں کے باعث محض تعلیمی اداروں سے بڑھ کر محلے اور معاشرہ کی سطح پر خواتین کے درمیان رابطے، مکالمے اور ان کے مسائل کے حل کا مرکز بن سکتے ہیں۔

البتہ اس مقصد کے حصول کے لیے دینی مدرسے کے کردار اور فعالیت کے حوالے سے سوچ میں تبدیلی ضروری ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ حوزہ علمیہ صرف خواتین کو دینی تعلیم فراہم کرنے اور ان کے لیے پروگرام منعقد کرنے تک محدود نہ رہے بلکہ معاشرے کی خواتین کے حقیقی مسائل کے حوالے سے اپنی ذمہ داری محسوس کرے، ان کی بات سنے اور حتیٰ الامکان پروگراموں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد میں انہیں بھی شریک کرے۔

اس حوالے سے فعال ثقافتی کارکن محترمہ مرضیہ پزشگیان نے حوزہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: خواتین کا دینی مدرسہ اسی وقت محلے کی خواتین کا ثقافتی اور سماجی مرکز بن سکتا ہے جب وہ محض ایک تعلیمی مرکز کے بجائے ایک فعال، متحرک اور مسائل کی شناخت کرنے والے سماجی ادارے میں تبدیل ہو۔

انہوں نے مزید کہا: اس مقصد کے حصول کے لیے سب سے پہلے حوزہ علمیہ اور محلے کی خواتین کے درمیان روابط کو وسعت دینا ضروری ہے، خواہ ان خواتین کی مذہبی وابستگی اور فکری رجحانات کچھ بھی ہوں۔ حوزہ علمیہ کو صرف تعلیم دینے اور اپنا نقطۂ نظر پیش کرنے والے ادارے کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے بلکہ اسے معاشرے کی خواتین بالخصوص غیر حوزوی خواتین کے حقیقی خدشات، ضروریات اور مشکلات سننے کا بھی اہتمام کرنا چاہیے۔

اس ثقافتی کارکن نے مزید کہا: معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی باشعور خواتین مثلاً یونیورسٹی کی اساتذہ و طالبات، مختلف پیشوں سے وابستہ خواتین، گھریلو خواتین اور دیگر سماجی حلقوں کی نمائندہ خواتین کو گفتگو اور تبادلۂ خیال کے لیے مدعو کرنا باہمی روابط اور تعاون کو فروغ دینے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اسی طرح حوزوی خواتین کو چاہیے کہ وہ دینی مدرسے کے اطراف میں موجود مساجد، اسکولوں، کنڈرگارٹنز، ثقافتی مراکز اور سماجی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں۔

انہوں نے کہا: خواتین کے دینی مدارس کو چاہیے کہ وہ میدانی تحقیقات کے ذریعے محلے کی خواتین کے حقیقی مسائل کی نشاندہی کریں اور ان کے حل کے لیے علمی اور عملی تجاویز پیش کریں۔ اس سلسلے میں مشاورتی نشستوں، فنی و عملی مہارتوں کے تربیتی ورکشاپس، تربیتی و خاندانی کورسز اور خواتین کی ضروریات کے مطابق ثقافتی پروگراموں کا انعقاد بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

محترمہ مرضیہ پزشگیان نے آخر میں کہا: اس طرزِ عمل سے نہ صرف عوامی اعتماد میں اضافہ اور حوزہ علمیہ کی سماجی حیثیت مضبوط ہوگی بلکہ خواتین کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور بالآخر معاشرتی اتحاد و اتفاق کے فروغ کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ حوزہ علمیہ کو محض لوگوں کو دینی اقدار کی جانب دعوت دینے کا مرکز بننے کے بجائے اپنے عملی کردار سے یہ ثابت کرنا چاہیے کہ اسے لوگوں کی زندگی، مسائل اور انسانی وقار کی حقیقی فکر ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha